benevlent fund

ضلعی بہبود فنڈ بورڈ کی891 درخواستوں میں سے 667 درخواستوں کی منظوری دی گئی

ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے تمام ممکنہ وسائل کی فراہمی عثمان بزدار حکومت کی اہم ترجیح ہے ، انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین حکومت کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی اور ان کے اہل و عیال کی بر وقت امداد ایک فرض ہے جس کی ادائیگی فوری ہونی چاہیئے۔

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 06 جنوری 2022) ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں ضلعی بہبود فنڈ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، سی ای او ایجوکیشن محمد یاسین ورک، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد افتخار، انچارج بینولنٹ فنڈ محمد انور اور دیگر ممبران نے شرکت کی ۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے اجلاس کوتفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منڈی بہاﺅالدین سے تعلق رکھنے والے پنجاب حکومت کے حاضر سروس، ریٹائرڈ اور وفات پا جانے والے سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی مالی امداد کیلئے مختلف مدات جن میں شادی گرانٹ، کفن دفن اور ماہانہ مالی امداد اور سکالر شپ کی891 درخواستوں میں سے 667 درخواستوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں شادی گرانٹ کی کل171درخواستوں میں سے160 کی منظوری دی گئی جس کی مالیت81 لاکھ 20 ہزارروپے ہے جبکہ7 درخواستوں کو اگلے اجلاس تک ضروری کارروائی کے لئے موخر کر دیا گیا۔

اسی طرح تدفین گرانٹ کی210 درخواستوں میں سے189 درخواستوں کی منظوری دی گئی، جس کی مالیت65 لاکھ روپے ہے جبکہ 10درخواستوں کو اگلے اجلاس تک ضروری کارروائی کے لئے موخر کر دیا گیا۔ سکالر شپ کی486 درخواستوں میں سے297 درخواستوں کی منظوری دی گئی، جس کی مالیت50 لاکھ61 ہزارروپے ہے ۔ ماہانہ مالی امداد کے حوالے سے24 کیسز پیش کئے گئے جس پر متفقہ فیصلے کے مطابق21 کیسز کی منظوری دی گئی جبکہ2 کو ضروری کارروائی کے لئے موخر کیا گیا اور اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

تفصیلی بریفنگ سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہا کہ ان کی پوری کوشش ہو گی کہ فنڈز بر وقت حقداران تک شفاف انداز میں پہنچائے جائیں تا کہ سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی مالی مشکلات میں کسی حد تک کمی لائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر محمد شاہدنے واضح ہدایت کی کہ بہبود فنڈ سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے بینوولنٹ فنڈ بورڈ کا اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیا جائے اور ملازمین کی جانب سے بہبود فنڈ کی مختلف گرانٹس میں دی جانے والی درخواستوں کو بر وقت اور میرٹ پر نمٹایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں