گزشتہ رات کھمب خورد رانجھا میں علاقے کے معززین کا ایک شاندار اجتماع ہوا جس میں گاؤں کے رفاہی کاموں کے لیے کھمب خورد ویلفیئر فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لایا گیا. گاؤں کے لیے پہلی ترجیح کے طور پر ایک عدد ایمبولینس خریدنے کا فیصلہ کیا گیا. جس کے لیے ماسٹر محمد عارف کی سربراہی میں 23 رکنی کمیٹی کا اعلان کیا گیا اور کچھ فنڈز جمع کیے گئے.
اس سلسلے میں اردگرد دیہاتوں میں اپنی مدد آپ کے تحت چلنے والی ویلفیئر تنظیمیں مشعلِ راہ رہیں گی. ہم ہمسایہ دیہاتوں میانوال رانجھا، کدھر شریف اور پانڈووال وغیرہ میں حالیہ رفاہی اقدامات کو انتہائی دلچسپی سے دیکھتے ہیں اور ان تنظیموں کے ممبران سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ ہمیں اپنے قیمتی تجربات سے آگاہ کریں تاکہ ہم ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھا کر اس کار خیر کو بہتر سے بہتر کر سکیں.
ہمارا خیال ہے کہ سیاستدانوں اور انتظامیہ سے امید لگائے رکھنا اور منتظر رہنا فقط وقت کا ضیاع ہے. آسمان والا بھی ہم سے چاہتا ہے کہ ہم اٹھ کھڑے ہوں اور اپنی تمام سستیوں اور اناؤں کو بالائے طاق رکھ کر خلقِ خدا کے لیے آسانیاں تخلیق کریں اور راستے پیدا کریں.
