fisheries

منڈی بہاوالدین میں فش فارمرز کو صحت مند بچہ مچھلی کی فراہمی کیلئے بہترین سروسز کی فراہمی کا آغاز

ڈائریکٹر جنرل ماہی گیری پنجاب ڈاکٹر سکندر حیات نے فش سیڈ نرسری یونٹ موجیانوالہ کا دورہ کیااور افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز عاصمہ بانو اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 22ستمبر 2022 ) اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز نے ڈائریکٹر جنرل کو فش سیڈ نرسری یونٹ موجیانوالہ منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سکندر حیات نے کہاکہ مچھلی لا تعداد خوبیوں کی وجہ سے انسانی صحت کیلئے موزوں ترین ہے جس میں بیماریوں سے لڑنے کی بے پناہ صلاحیت بھی موجود ہے۔

انہوں نے کہاکہ آبی حیات کی بحالی اور بقا ہماری اولین ترجیح ہے۔حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق دریاﺅں، جھیلوں اور دوسرے قدرتی پانیوں میں مچھلیوں کے تحفظ اور بہتر نشوونما کیلئے محکمہ فشریز پنجاب کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر بہترین اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ حکومتی ہدایت کے مطابق مچھلیوں کی زیادہ سے زیادہ افزائش کیلئے فش سیڈ نرسریز کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جہاں پر بچہ مچھلی کی سٹاکنگ سے مچھلی کی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز عاصمہ بانو نے کہا ہے کہ منڈی بہاوالدین میں فش فارمنگ کے فروغ اور فش فارمرز کو ارزاں نرخوں پر صحت مند بچہ مچھلی کی فراہمی کیلئے بہترین سروسز کی فراہمی کا آغاز کیا ہوا ہے۔ ضلع میں فش سیڈ نرسریز میں بچہ کی پیداوار بڑھنے سے فش فارمرز کو گورنمنٹ ریٹس پر صحت مند بچہ مچھلی سپلائی کیلئے دستیاب ہو گا جس سے نا صرف مچھلی کی پیداوار میں اضافہ ہو گا بلکہ حکومتی ریونیو میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں