fields

تحصیل کونسل منڈی بہاوالدین میں دھان کی فصل کی زرعی مشینری و آلات کی نمائش کا افتتاح کر دیا گیا

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 09 مارچ 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت 50فیصد سبسڈی پر زرعی مشینری و آلات کی فراہمی شعبہ زراعت کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی، دور حاضر کے پیش نظر موجودہ حکومت کے دور میں جس تیزی سے کاشت کاروں کی فلاح و بہبود کیلئے زرعی شعبے میں جدت لانے کیلئے جو کاوشیں کی گئی ہیں اس سے ہر کسان خوشحال ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آ ج یہاں تحصیل کونسل کے لان میں دھان کی فصل کی زرعی مشینری و آلات کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹرز زراعت (توسیع) گوجرانوالہ ڈویژن جاوید اقبال ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال، کسان بورڈ کے نمائندوں، کسانوں اور زمینداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنرطارق علی بسرا نے زرعی مشینری و آلات کا دلچسپی سے جائزہ لیا اور زرعی ماہرین سے ان کے امورز سے متعلق سوالات بھی کئے اور اس ضمن میں وہاں پر موجود کسانوں کے ساتھ مل کر زرعی ماہرین کی آراءکو توجہ سے سنا ۔

انہوں نے کہاکہ زراعت کے شعبے میں ہم جدید ٹیکنالوجی اپنا کر ہی آگے جا سکتے ہیں یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت زرعی عشبے کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے کاشت کاروں کو50فیصد سبسڈی پر قرعہ اندازی کے ذریعے منظور شدہ زرعی مشینری و آلات فراہم کر رہی ہے جس کے استعمال سے کسان اپنی اوسط پیداوار میں زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے مشکور ہیں کہ جن کی کاوشوں سے زرعی شعبے کو جدید ٹیکنالوجی پر استوار کیا جارہا ہے جس سے ملکی زرعی معیشت کو فروغ ملے گا اور کسان خوشحال ہو گا۔انہوں نے مذید بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت ملک بھر کے کسانوں اور کاشت کاروں کو سبسڈی پر منظور شدہ اقسام کے بیج بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔

بعد ازاں ضلع کونسل ہال میں منعقدہ سیمینار سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ کسانوں کو جتنا زیادہ ریلیف حاصل ہو گا ملک اتنا زیادہ ترقی کرے گا۔

ڈائریکٹر زراعت (توسیع) گوجرانوالہ ڈویژن جاوید اقبال نے کہا کہ جدید زراعت ٹیکنالوجی کی مرہوں منت ہے اور ہمیں زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے جدید ریسرچ کی روشنی میں زرعی شعبے کو فروغ دینا ہے۔ مشینی کاشت جہاں لیبر کے مسائل کو کم کرتی ہے وہیں بہتر پیداوار میں انتہائی معاون ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کاشت کاروں خصوصاً چھوٹے کاشت کاروں کی فلاح و بہبود پر توجہ دے رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں