Agriculture meeting

حکومت کسانوں کو بیج ، کھاد، مشینری اور ونڈا کی فراہمی کیلئے کروڑوں روپے کی سبسڈیز فراہم کر رہی ہے

ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کسانوں کو سستے بیج ، کھاد، مشینری اور ونڈا کی فراہمی کیلئے کروڑوں روپے کی سبسڈیز فراہم کر رہی ہے ، زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، کسانوں کو سہولتیں فراہم کئے بغیر زرعی شعبے میں ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کیا جا سکتا۔

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 02جنوری2023) ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ ایگریکلچر ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر وحید حسن گوندل، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمداقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر ضیاء اللہ گوندل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) محمد افضل، پیسٹ وارننگ ، واٹر مینجمنٹ کے افسران سمیت کسان بورڈ کے نمائندے بھی شریک تھے۔

قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال نے اجلاس کوبریفنگ دیتے ہوئے معیاری کھادوں کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کے حوالے سے بتایا کہ مارکیٹ میں کھادوں کا وافر سٹاک موجود ہے اور کھاد کی کوئی قلت نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ماہ دسمبر میں کھادوں کی قیمتوں کے حوالے سے 348 انسپکشنز کی گئیں ،مہنگی کھادیں بیچنے پر 2 دکانداروں کے خلاف ایف آئی آردرج کرائی گئیں جبکہ 91دکانداروں کو5لاکھ62ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔

اسی طرح مختلف کھادوں کے 127 سیمپل لے کر لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے بھجوائے گئے ہیں ۔ جن میں سے 91 سیمپل کا رزلٹ آنے پر 19سیمپل غیر معیاری قرار دئیے گئے ،جس پر 10 کھاد مالکان کے خلاف ایف آئی آرز درج کرا دی گئی ہیں۔ انہوں نے اجلاس کو زرعی ایمرجنسی پروگرام کے پیداواری مقابلہ جات، نمائشی پلاٹس اور سبسڈیز پر زرعی مشینری کی فراہمی کے بارے میں بھی کئے گئے اقدامات سے تفصیلی آگاہ کیا۔

اجلاس کو محکمہ لائیو سٹاک، واٹر مینجمنٹ اور پیسٹ وارننگ کے افسران نے اپنی اپنی محکمانہ کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ جس پر ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے کہا کہ حکومتی پالیسی کے تحت کاشتکاروں کے مفاد کا بھر پور تحفظ کرتے ہوئے کسی کو بھی غیر معیاری اور مہنگے داموں کھاد، ونڈا اور زرعی ادویات بیچنے اور ذخیرہ اندوزی کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی تمام متعلقہ محکمے کسانوں کی سہولیات کی فراہمی اور آگاہی کیلئے مل جل کر کام کریں ۔ کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی کو ہر گز برداشت نہ کیا جائے گا۔انہوں نے زراعت افسران کو ہدایت کی کہ چھوٹے کسانوں کو سبسڈیز کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ اس موقع پر کسان بورڈ کے نمائندوں نے کسانوں کے مسائل اور ان کے حل کیلئے گزارشات بھی پیش کیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو گزارشات حل کرنے کی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں