وفاقی حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار ختم کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت عوامی تنقید سے بچنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار منتقل کرنا چاہتی ہے۔ اس حوالے سے اوگرا کو اہم ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن نے اوگرا کو ہدایت کی ہے کہ وہ 3 دن میں پیٹرولیم مصنوعات کی ڈی ریگولیشن کے تجزیے اور مضمرات پر پریزنٹیشن پیش کرے۔ پیٹرولیم ڈویژن نے وزیراعظم آفس کی ہدایات کے بعد اوگرا کو پیٹرولیم سیکٹر کے لیے ڈی ریگولیشن فریم ورک کو فوری طور پر حتمی شکل دینے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈی ریگولیشن کا حتمی فریم ورک وفاقی کابینہ اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی منظوری سے سامنے آئے گا۔ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کا مطلب یکساں قیمتوں کے تعین کا خاتمہ ہوگا، جس کے بعد تیل کمپنیاں مختلف قصبوں اور دیہاتوں کے لیے اپنی قیمتیں مقرر کرنے کے لیے آزاد ہوں گی۔
بتایا گیا ہے کہ آئل کمپنیاں فرنس آئل اور ہائی اوکٹین کی قیمتیں پہلے ہی مقرر کر چکی ہیں جب کہ پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار بھی آئل کمپنیوں کو دینے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اس کا نتیجہ IFEM میکانزم کی ڈی ریگولیشن کی صورت میں بھی نکلے گا، جس کا مطلب یہ ہوگا کہ تیل کی مصنوعات کی قیمتیں شہر سے شہر اور آئل کمپنی سے آئل کمپنی میں مختلف ہوں گی۔