How to earn money online at home?

ملک میں جلد ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم لایا جارہاہے، شعیب صدیقی

وفاقی سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن شعیب احمد صدیقی کا کہنا ہے کہ ملک میں جلد ہی آسان اورسستا عالمی سطح کا ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم لایا جارہا ہے۔

وفاقی سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن شعیب احمد صدیقی نے سماء سے خصوصی گفتگو بتایا کہ پاکستان میں جلد ہی آسان اورسستا عالمی سطح کا ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم لایا جائیگا۔ جس سے ہنڈی اور حوالے کے ذریعے رقوم بھیجنے میں واضح کمی آئے گی۔ آئندہ سال تک حکومت کی اپنی واٹس ایپ طرز کی ایپ تیار کرلے گی جس سے ڈیٹا لیک ہونے سے بچایا جاسکے گا۔

وفاقی سیکریٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی نے کہاکہ وہ وزیراعظم اور وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کی خصوصی ہدایت پر پوری ٹیم کے ہمراہ بلوچستان کے دورے پر آئے ہیں۔ دورے کا مقصد بلوچستان میں جاری آئی ٹی اور ٹیلی کام کے منصوبوں کی پیشرفت اوراس شعبے میں بلوچستان کی ضروریات کا جائزہ لینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کا وژن ہے کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔ اس لئے بلوچستان میں آئی ٹی اور ٹیلی کام اربوں روپے کے منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے۔ آئندہ ڈھائی سے 3 سالوں میں بلوچستان کی 60 سے 80 فیصد آبادی کو موبائل فون اور انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے درجنوں منصوبوں پر کام جاری ہے۔

بلوچستان کی 2 ہزار سے زائد موضع جات اور 20لاکھ کی آبادی کو یونیورسل سروس فنڈ کے ذریعے 9 ارب روپے کی لاگت سے ہائی سپیڈ تھری جی فور جی انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس کی فراہمی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ جنوبی بلوچستان کیچ، پنجگور، گوادر، چاغی، نوشکی، بولان، مستونگ ، زیارت اور نصیرآباد میں پراجیکٹ شروع ہوچکے ہیں اور مختلف مراحل میں ہیں جبکہ کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں ایک ماہ کے اندر منصوبے شروع ہوجائیں گے۔

صوبے کی تین بڑی شاہراہوں مکران کوسٹل ہائی وے، این ایچ 25چمن کوئٹہ کراچی شاہراہ اور این اے50 کوئٹہ ژوب ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ پرموبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کے منصوبے پر 50 سے 75 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ یہ منصوبے مکمل ہونے پر 1780 کلومیٹر شاہراہوں پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کی فراہمی ممکن ہوسکے گی جبکہ کوئٹہ تفتان 500 کلومیٹر طویل شاہراہ پر موبائل فون سروس کی فراہمی پر اگلے ماہ کام شروع کردیا جائےگا۔

وفاقی سیکریٹری آئی ٹی کا کہنا تھا کہ 2025تک آئی ٹی انڈسٹری کو ٹیکس سے چھوٹ دی گئی ہے آئی ٹی ایکسپورٹ گروتھ 40فیصد ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت اور سوشل میڈیا ویب سائٹس کے درمیان پائی جانے والے ابہام کو کم کرنے اور یہاں دفاتر کھولنے کے حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے۔ پی ٹی اے نیشنل رومنگ کے ایک ایسے فریم ورک پر کام کررہا ہے جس کے تحت قومی شاہراہوں پر دستیاب کمپنی کا نیٹ ورک کسی دوسری کمپنی کی سم پر بھی کام کرے گا۔

شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے جنوبی بلوچستان کےلیے بڑے پیکیج کا اعلان کیا ہے اس میں آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کے اہم منصوبے بھی شامل ہیں۔ اگلے مہینے تربت، گوادر اور پنجگور میں دو ارب روپے کی لاگت سے پی ٹی سی ایل براڈ بینڈ منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے بلوچستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور استعداد میں اضافہ ہوگا اور روزگار اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں نوجوانوں کو ڈی جی سکلز اور ورچوئل یونیورسٹی کے پروگرامز کی مدد سے تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ صوبے کے تقریباً 25ہزار نوجوانوں کو ڈی جی سکلز کے ذریعے فری لانسنگ سمیت مختلف کورسز کرائے جاچکے ہیں جبکہ ورچوئل یونیورسٹی کے ذریعے نو اضلاع میں آف لائن سینٹرز بھی کام کیے جارہے ہیں جہاں ہزاروں طلبہ کیلئے انٹرنیٹ کے بغیر تربیتی کورسز کرانے کی سہولت دستیاب ہوگی۔

شعیب احمد صدیقی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کوئٹہ، خضدار، تربت اور گوادر میں چار نئے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کیے جارہے ہیں جہاں کرایے کی مد میں حکومت 25فیصد سبسڈی اور دیگر سہولیات دے گی۔ بلوچستان کےساڑھے 3ہزار طلبہ کو 6مہینے کی انٹرن شپ(فی ماہ 20 ہزار روپے ) کے منصوبے پر بی کام کیا جارہا ہے۔ نیشنل انکیوبیشن سینٹرز کےنئے کیمپس بھی کھولے جائیں گے۔ اگنائٹ کے ذریعے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ میں بلوچستان کے نوجوانوں کوخاطر خواہ پراجیکٹس دیے گئے ہیں۔ اگلے مرحلے میں بھی مقامی نوجوان تحقیق اور سٹارٹ اپ کیلئے خطیر سرمایہ حاصل کرسکیں گے

اپنا تبصرہ لکھیں