حج پالیسی 2025 کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں جس کے تحت حج اخراجات 1,075,000 سے 1,175,000 روپے کے درمیان ہوں گے۔ 55000 روپے کی قربانی حج اخراجات پیکج کے علاوہ ادا کرنی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق حج پالیسی کے تحت عازمین حج کو اقساط میں حج اخراجات ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔ 200,000 روپے درخواست کے ساتھ اور 400,000 روپے 14 دن کے اندر جمع کرنے ہوں گے اگر ان کے نام قرعہ اندازی میں نکلے ہیں۔ باقی تمام اخراجات یکم فروری سے 10 فروری 2025 تک ادا کرنے ہوں گے۔
حج پالیسی کے تحت خواتین بغیر محرم کے جا سکیں گی جس کے لیے انہیں اپنے والد یا شوہر سے حلف نامہ دینا ہو گا۔ سرکاری حج سکیم کے تحت ڈالر سکیم کے تحت 5 ہزار عازمین حج کر سکیں گے۔اس کے علاوہ حج پالیسی کے تحت بیرون ملک سے زرمبادلہ پاکستان بھیجنا اور ویکسین کرانا بھی ضروری ہو گا۔
پرائیویٹ سکیم میں اسپانسرز شپ کے تحت 30 ہزار کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے جبکہ سرکاری سکیم میں 20 سے 25 دن کے مختصر حج کی اجازت ہوگی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی سفارش پر حج پالیسی 2025 کی منظوری دی تھی۔