price

بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے والے پرائس مجسٹریٹس کے خلاف کاروائی کا فیصلہ

ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے کہا ہے کہ حکومت کی واضح ہدایات کی روشنی میں تمام اشیائے خوردونوش بالخصوص آٹا، چینی ، دالیں، پھلوں، سبزیوں کے مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ کے دورے کر کے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں، بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے والے پرائس مجسٹریٹس کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 25 اکتوبر 2022) ان خیالات کااظہار انہوں نے پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کے حوالے سے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک عباس ذوالقرنین، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز منڈی بہاﺅالدین کاشف جلیل، پھالیہ فروا بتول، ملکوال خرم مختار، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ محمد اقبال کے علاوہ مجسٹریٹس صاحبان اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

آج کی تازہ ترین ریٹ لسٹ دیکھیں

قبل ازیں ملٹی میڈیا کے ذریعے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ18اکتوبر سے لے کر 25 اکتوبر (ایک ہفتے ) کے دوران 26 مجسٹریٹس نے329 انسپکشنز کیں اور پرائس ایکٹ کی خلاف ورزیاں پائے جانے پرمختلف دکانداروں ، بڑے سٹوروں اور سٹاکسٹ کو 3 لاکھ 25 ہزار 500 روپے جرمانے کئے گئے۔جس پر ڈپٹی کمشنر نے پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے واضح ہدایت کی کہ کہ وہ اپنی کارکردگی کوبہتر بنائیں کیونکہ ان کی حقیقی کارکردگی اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھ کر عوام الناس کو فائدہ پہنچانا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت ضروری اشیائے خوردونوش، پھلوں ، سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے پوری طرح سنجیدہ ہے اورموجودہ حالات میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو عوام الناس کی قوت خرید کے مطابق کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے پرائس مجسٹریٹ کو ہدایت کی کہ عادی گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو جرمانے کرنے کی بجائے جیل بھجوائیں ، عام بازاروں اور مارکیٹوں میں اشیاءضروریہ کی ریٹ لسٹ اور ریٹ بورڈ کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کروائیں اور جو دکاندار اس پر عملدرآمد نہ کرے اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں