منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 2 اگست 2022 ) اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین کاشف جلیل نے کہا ہے کہ ریو نیو عوامی خدمت کچہری وزیراعلیٰ پنجاب کا عوام دوست اقدام ہے جہاں شہریوں کے ریونیو سے متعلق پیچیدہ مسائل فور ی حل ہوتے ہیں.
انہوں نے کہاکہ ان عوامی خدمت کچہریوں میں ریونیوعملہ عوام الناس کی سہولت کے لیے فرد کے اجراء، درستگی ریکارڈ، انتقالات کے اجراء، انکم سرٹیفکیٹ، معائنہ ریکارڈ، رجسٹری، ڈومیسائل کا اجراءاور ریونیو سے متعلقہ دیگر درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے ایک ہی چھت کے نیچے الگ الگ کاﺅنٹرز پر خدمات مہیا کرنے کیلئے موجود ہوتا ہے یہی وجہ ہے عوام الناس کی کثیرتعداد نے ان خدمت کچہریوں پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں منعقدہ ریونیو عوامی خدمت کچہری کے دوسرے دن سائلین کی شکایات کو سن کر موقع پر حل کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرتحصیلدار ، نائب تحصیلداران وقار احمد،شیر علی تارڑ، لینڈ ریکارڈ سنٹر اور ریونیو افسران کے علاوہ سائلین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔اسسٹنٹ کمشنر نے عوامی خدمت کچہری میں آئے ہوئے سائلین سے خود بھی توجہ اور خلوص سے ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریونیو سے متعلقہ مسائل کے حل کے حوالے سے یہ خدمات ہر ماہ کے پہلے ہفتے کے دفتری دن کو صبح 10بجے سے سہ پہر 3بجے تک مہیا کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری میں پیش کی جا نے والی درخواستوں کا مکمل ریکارڈ رکھا جاتا اور سخت مانیٹرنگ کی جا تی ہے،
خدمت کچہری میں آغاز سے لیکر اختتام تک آنے والے سائلین نے اپنے مختلف مسائل کے حوالے سے درخواستیں پیش کیںجنہیں وہاں پر افسران کی موجودگی میں عملہ نے فوری طور پر کاروائی کر کے موقع پر نبٹا دیا جبکہ دیرینہ مسائل والی درخواستوں کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔