چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین سہیل ریاض چھینہ نے تحصیلدار و سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ملک ندیم بھرتھ کے ہمراہ پرائس کی چیکنگ کے حوالے سے شہر کا دورہ کیا، ناجائز منافع خوری کرنے پر مختلف دکانداروں جن میں سبزی و فروٹ اور مہنگی روٹی فروخت کرنے پر مالکان کے خلاف ایف آئی آرز درج کروا دیں۔
منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 27 اگست 2023 ) تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر نے تحصیلدار کے ہمراہ پرائس چیکنگ کے حوالے سے علوی چوک اور کالج چوک میں قائم 2 ہوٹلز پر روٹی کے ریٹس کو چیک کیا جو کہ 15 روپے کی بجائے 20 روپے میں فروخت کر رہے تھے۔
اسی طرح سبزی منڈی چوک میں ایک دکاندار مہنگے داموں کیلا فروخت کرتے ہوئے پایا گیا جبکہ حاکم ہائپر مال میں قائم ایک دکاندار گوشت، دال اور ٹماٹر مہنگے داموں فروخت کرتے ہوئے پایا گیا اور دکاندار نے ریٹ لسٹ بھی آویزاں نہ کی ہوئی تھی۔ جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے فوری کاروائی کرتے ہوئے چاروں دکانداروں کے خلاف پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایف آئی آرز درج کروا دیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سہیل ریاض چھینہ کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر عوام الناس کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس متحرک ہیں جو باقاعدگی سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کر رہے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ صارفین کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے جسے ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا، ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
انہوں نے کہاکہ ناجائز منافع خور معاشرے کا ناسور ہیں اور وہ کسی رعائت کے مستحق نہیں ہیں، ان کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کے ساتھ کوئی رو رعائت نہ برتی جائے گی، چاہے کوئی کتنا ہی با اثر کیوں نہ ہو۔
Leave a Reply