لاہور: وفاقی حکومت نے چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس نظام کو آسان بنانے کے لیے ’’اسپیشل پروسیجر فارا سمال شاپ کیپرز‘‘‘ کا مسودہ جاری کردیا۔
ایف بی آر نے اس سلسلے میں ایک ایس آر او جاری کرتے ہوئے عوام، تجارتی تنظیموں اور دیگر متعلقہ حلقوں سے سات دن کے اندر اعتراضات اور تجاویز طلب کی ہیں۔
مسودے کے مطابق یہ خصوصی طریقہ کار صرف ان انفرادی دکانداروں پر لاگو ہوگا جن کا سالانہ ٹرن اوور 200 ملین روپے تک ہے۔ تاہم وہ تاجر جن کا پچھلے تین سالوں میں کسی ایک سال میں ٹرن اوور 200 ملین روپے سے زیادہ رہا ہے وہ اس سکیم سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔
یہ اسکیم مکمل طور پر رضاکارانہ ہوگی۔ دکاندار یا تو اس خصوصی طریقہ کار کے تحت ٹیکس ادا کر سکتے ہیں یا معمول کے مطابق انکم ٹیکس ریٹرن فائل کر سکتے ہیں۔ اسکیم میں شامل ہونے والے تاجروں کا معمول کے مطابق آڈٹ نہیں کیا جائے گا۔
