ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین نے محرم الحرام کے حوالے سے منڈی بہاﺅالدین اور ملکوال کی مختلف امام بارگاہوں کا اچانک دورہ کیا

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 09 اگست2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے محرم الحرام کے حوالے سے منڈی بہاﺅالدین اور ملکوال کی مختلف امام بارگاہوں کا اچانک دورہ کیا، انہوں نے مرکزی امام بارگاہ صدر بازار، امام بارگاہ سجادیہ پانچ وارڈ، امام بارگاہ صوفی پورہ کا دورہ کر کے سکیورٹی انتظامات اور ماتمی جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا۔ اس موقع ڈی پی او ساجد حسین کھوکھر، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی، ڈی ایس پی سرکل شبیر اعوان، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ملکوال بشیر تارڑ، حسینیہ مجالس کے عہدیداران اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہاکہ عاشورہ محرم کو پر امن بنانے کیلئے فول پروف سکیورٹی اور دیگر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین ہمیشہ سے امن کا گہوارہ رہا ہے اور امسال بھی اس روایت کو برقرار رکھا جائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر نے امام بارگاہوں ، مجالس اور جلوس کے روٹس کا تفصیلی معائنہ کیا اورضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام اور دیگر امور کی نگرانی کیلئے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں پور ی کریں تا کہ کہیں بھی کسی قسم کی نا خوشگوار صورتحال پیدا نہ ہو۔

عاشورہ کے تمام جلوسوں کے روٹس کی نگرانی رات گئے تک کی جائے۔اس سلسلہ میں کسی بھی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔انہوںنے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے ماضی کے مقابلے میں اس بار زیادہ موثر سکیورٹی اور دیگر انتظامات کر رکھے ہیں اور منتظمین جلوس و مجالس کے عہدیداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ جس کی بناءپر کسی بھی شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔

دریں اثناءاسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام مکاتب فکر کی ممتاز شخصیات کے ساتھ منعقد کئے گئے ہیں جنہوں نے حسب روایت ہم آہنگی اور رواداری کی فضا برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہوئی ہے۔ انہوں نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ تمام مکاتب فکر کے علماءکرام اور ممتاز شہریوں کے تعاون سے بین العقائد ہم آہنگی کی فضا بر قرار رکھی جائے گی اور قومی اتحاد اور بین العقائد ہم آہنگی کی قوت سے فرقہ واریت کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے جلوسوںاور مجالس کے حوالے سے سیکورٹی پر متعین پولیس ، میونسپل کمیٹی اور ریسکیو 1122کے افسران کو ہدایات جاری کیں۔انہوں نے جلوس کی انتظامیہ کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں