پاکستان اوورسیز کمیٹی منڈی بہاوالدین کو210شکایات میں سے 149شکایات کا حل کرکے رپورٹ بھجوائی جاچکی ہے

منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 05دسمبر2020 )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ اور ڈسٹرکٹ چیئرمین اوورسیز کمیٹی محمد عارف گوندل نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم اوورسیز پاکستانیز ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جو بیرون ملک سے زر مبادلہ کما کر پاکستان بھیج کر ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اس لئے اوورسیز پاکستانیز کودرپیش مشکلات اور ان کے مسائل کے حل کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کی جائیں ،انہوں نے کہا کہ بزدار حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو یہاں پر درپیش مشکلات کے حل اور انہیں تمام ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے کسی کو ان کےلئے مسائل پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں انچارج اوورسیز کمیٹی مدثر احمد،ممبر اورسیز کمیٹی فیصل گوندل،امتیاز، ترجمان اوورسیز کمیٹی علی حمزہ،مختلف محکموں کے افسران، درخواستگزار اور اوورسیز پاکستانیز کے نمائندے بھی موجود تھے۔

قبل ازیں اجلاس کو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے متعلق شکایات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اب تک کمیٹی میں210شکایات پیش کی گئیں جن میں سے 149شکایات مختلف محکموں کی کاوشوں سے حل کرکے رپورٹ اوورسیز پاکستانی کمیشن کو بھجوائی جاچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 35شکایات کورٹس جبکہ 26شکایات مختلف محکموں کو حل کرنے کیلئے بھجوائی جا چکی ہیں جن کا جلد ہی ازالہ کر لیا جائے گا۔

بریفنگ سننے کے بعد اے ڈی سی آر اور ڈسٹرکٹ چیئرمین اوورسز کمیٹی نے آئے ہوئے سائلین کی درخواستوں پر فرداََ فرداََ سماعت کرتے ہوئے موقع پر ہی مختلف محکموں کو ان کے ازالے کیلئے ہدایات جاری کیں اور فوری طور پر رپورٹ کرنے کا حکم دیا۔توقیر الیاس چیمہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ درخواستگزاروں کو ہر ممکن حد تک مطمئن کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ درخواستیں میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے نمٹائی جائیں اور حل ہونے والی درخواستوں کو متعلقہ ویب پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے۔

محمد عارف گوندل نے کہا کہ بزدار حکومت اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بہتر اقدامات اور ان کے معاملات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ان کے مسائل جو ضلعی انتظامیہ ،پولیس یا دیگر اداروں سے متعلق ہوتے ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے ۔انہوں نے بعض اوورسیز کی جائیدادوںپر قبضے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ پولیس کو قانونی کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ اوورسیز پاکستانیز ایمانداری سے ملک کی خدمت کر رہے ہیں ان کی جائیدادوں اور خاندانوں کو مکمل تحفظ ملنا چاہیئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں