mehfil naat phalia

میونسپل کمیٹی ہال پھالیہ میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 16 اکتوبر 2021) اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار کی زیر صدارت میونسپل کمیٹی ہال پھالیہ میں عشرہ شان رحمت اللعالمین کے حوالے سے سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عرفان گوندل، چیف آفیسر تحصیل کونسل رضوان بشیر آغا، نامور عالم دین، معروف نعت خوانان سمیت میونسپل کمیٹی کے افسران و اہلکاران کے علاوہ علاقے کے عمائدین اور عوام الناس کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

قبل ازیں تلاوت کلام پاک کے بعد معروف نعت خوانوں نے نبی کریم ﷺ کی شان اقدس میں نعت کی شکل میں گلہائے عقیدت پیش کئے جبکہ معروف عالم دین مذہبی سکالر نے رسالت مآب ﷺ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی حکومت کے عشرہ شان رحمت اللعالمین ﷺ منانے کے حوالے سے فیصلے کو ایک تاریخی اور احسن اقدام قرار دیا۔

بنو سماء کی آواز سے شہرت پانے والے پھالیہ کے نامور نعت خواں ناصر الطاف سہروردی کی آواز میں خوبصورت نعت سنیں. ویڈیو دیکھیں

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ساجد منیر کلیار نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ذات اقدس ہمارے لئے اسوہ کامل ہے ،اسوہ حسنہ ﷺ مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے ، دنیاوی مشکلات کا حل آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے میں مضمر ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے کے حوالے سے عشرہ رحمت اللعالمین ﷺ تقریبات منعقد کرنے کا جو فیصلہ کیا جو کہ شایان شان طریقے سے جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی بعثت سے ظلمات اور تاریکی کے اندھیرے چھٹ گئے، تعلیمات نبوی کو اپنا کر دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے، نبی کریم کو دونوں جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا، آپ ﷺ نے علم اور عمل سے معاشرتی تربیت سے جو عظیم کارنامہ سر انجام دیا وہ تا قیامت مشعل راہ ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ہم رسول پاک کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا اور آخرت کی کامیابیاں با آسانی سمیٹ سکتے ہیں۔

کانفرنس کے مقررین نے اپنے اپنے خطاب میں صوبائی حکومت کے ہفتہ شان رحمت اللعالمین ﷺ کے انعقاد کو ایک احسن اقدام قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ مسلمانوں کیلئے نبی اکرم خاتم النبین اور رحمت اللعالمین سے بڑھ کر دنیا میں اور کوئی نہیں اور ہر مسلمان حرمت رسول ﷺ پر اپنی جان و مال قربان کرنے کیلئے ہر لمحہ تیار ہے ۔ علماء نے مسلمانوں پر زور دیا کہ دشمنان اسلام کے مقابلے میں خود کو مضبوط بنانے کیلئے ہمیں آ پ ﷺ کی تعلیمات پر صدق دل سے عمل کرنا ہو گا تا کہ دنیا اور آخرت میں سرخرو ہو سکیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں