منڈی بہاواالدین میں گندم خریداری مراکز پر  2200 روپے فی من میں گندم خریدی کی جا رہی ہے

منڈی بہاواالدین میں گندم خریداری مراکز پر 2200 روپے فی من میں گندم خریدی کی جا رہی ہے

ڈپٹی کمشنر محمد شاہد کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے کا نفرس روم میں گندم خریداری مہم کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ گندم خریداری مہم 2022 کے ہدف کی تکمیل کو ہر صورت مکمل کیا جائے ،حکومت پنجاب کی گندم خریداری پالیسی اور مقرر کردہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا .

منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 7مئی 2022) انہوں نے کہاکہ ذخیرہ اندوزوں سے کسی قسم کی رعایت نہ کی جائے ان کے گودام سیل کر کے تمام گندم اٹھا لی جائے۔ اگر کوئی رکاوٹ درپیش ہو تو اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لا کر فوراََ دور کیا جائے ۔ اس موقع پر تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔

قبل ازیں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع منڈی بہاواالدین میں قائم گندم خریداری مراکز پر 2200 روپے فی من کے حساب سے گندم خرید اری کی جا رہی ہے اور ضلع منڈی بہاوالدین کیلئے مقررہ ہدف 6 لاکھ 24 ہزار گندم بوری کے ٹارگٹ کو مکمل کر لیا جائے گا۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد حکومت کی پالیسی کے تحت مقرر کردہ ہدف کو یقینی بنانا ہے، ضلع بھر کے کسانوں سے گندم کا ایک ایک دانہ خریدا جائے۔گندم خریداری مہم میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ گندم کی سمگلنگ /غیر قانو نی نقل وحمل کی روک تھا م کیلئے ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر قائم کر دہ چیک پوسٹس پر واچ اینڈ وارڈ سسٹم کو موئثر اور فعال رکھا جائے ، غیر قانونی گودام مالکان اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں