محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں ضروری معلوماتی سیشنز منعقد کئے جاتے ہیں، ابوالحسن مدنی

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 03اگست2021 ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کا قیام خاندانی منصوبہ بندی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم پر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے، انہوں نے کہا کہ بلاشبہ محکمہ بہبود آبادی کا بنیادی کام ہی عوام الناس کو مختلف طریقوں سے آمادہ کر کے خاندانی منصوبہ بندی پر عملدرآمد کروانا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں محکمہ بہبود آبادی کی ماہانہ کارکردگی کے حوالے سے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں سی ای او ایجوکیشن (ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی) سید توقیر حسین شاہ،سی ای او ہیلتھ (ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال عاطف علی وڑائچ، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ابوالحسن مدنی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر ثاقب حیات گوندل، ڈی ڈی او پاپولیشن عتیق الرحمٰن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن اشرف تارڑ، انچارچ فیملی ہیلتھ کلینک ڈاکٹر شاہین اختر، ڈی ڈی او پاپولیشن (ٹیکنیکل) ڈاکٹر عمائمہ، تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر عمران رسول اور دیگر نے شرکت کی۔

ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ابوالحسن مدنی نے شرکاءاجلاس کو محکمہ کی ماہانہ کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ڈی او پاپولیشن ابوالحسن مدنی نے بتایا کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین میں محکمہ کی سربراہی میں کوویڈ کے دوران ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے 51 فلاحی مراکز اور 2 فیملی ہیلتھ کلینکس عوام الناس کو خاندانی منصوبہ بندی کے لحاظ سے معیاری طبی سہولیات مہیا کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں دور دراز علاقوں میں محکمہ صحت کی معاونت سے محکمہ بہود آبادی کے 2 فری فیملی ہیلتھ موبائل یونٹ قائم کر کے لوگوں کو صحت کی خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات مہیا کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم اور دیگر تمام لائن ڈیپارٹمنٹ بھی محکمہ بہبود آبادی کے داتھ مل کر عوام الناس کو ضروری آگاہی جیسی سہولیات فراہم کر رہے ہیں ۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بلوغت، ذاتی صفائی اور متوازن غذا کے حوالے سے ضروری معلوماتی سیشنز منعقد کئے جاتے ہیں ۔ اس حوالے سے لیکچرز اور ٹیچرز کو خصوصی تربیت فراہم کی جاتی ہے تا کہ وہ طلباءو طالبات کو خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے معلومات فراہم کر سکیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت منڈی بہاﺅالدین کارکردگی کے لحاظ سے ٹاپ 5 میں شامل ہے۔ جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ڈی او بہبود آبادی کو محکمے کی مجموعی کارکردگی کو سراہا ۔

انہوں نے محکمے کی کاکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تا کہ بہبود آبادی کی سرگرمیوں کے حوالے سے ضلع صوبے بھر میں اولین پوزیشن دوبارہ حاصل کر سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع کے تمام فلاحی مراکز پر زیادہ سے زیادہ شجر کاری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کو سرگرمیوں کے حوالے سے جہاں جہاں خامیاں پائی جاتی ہیں ان کو درست کیا جائے اور دیگر امورز کو بہتر بنایا جائے ۔ توقیر الیاس چیمہ نے تمام شرکاءپر زور دیا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے درپیش مسائل کو مربوط حکمت عملی سے حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی زیادہ آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ان کی تعلیم و تربیت سے ملکی پیداوار اور ترقی کی شرح میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں