عوام ویکسی نیشن کروا کر کورونا سے محفوظ رہیں اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو بھی محفوظ بنائیں، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ

ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار نے کورونا ویکسی نیشن سنٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر رضوان تابش، سی او میونسپل کمیٹی محمد عرفان گوندل اور محکمہ صحت کا عملہ بھی موجود تھا۔ انہوں نے کورونا ویکسی نیشن سنٹر کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ بھی کیا ۔

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 17 جون2021) اس موقع پر انہوں نے وہاں موجود عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ویکسی نیشن کروا کر کورونا سے محفوظ رہیں اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو بھی محفوظ بنائیں۔ انہوں نے مذید کہاکہ کوئی بھی شخص اپنے کسی ضروری کام سے آتے ہوئے شناختی کارڈ اپنے ہمراہ لائے اور ویکسی نیشن سنٹر پر جا کر اپنی ویکسی نیشن کروائے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسی نیشن کے مضر اثرات کے بارے میں گردش کرنے والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ضلع منڈی بہاﺅالدین بالخصوص تحصیل پھالیہ کے سرکاری افسران اور ملازمین نے سنٹروں پر جا کر خود اپنی ویکسی نیشن کروائی ہے تا کہ دیگر شہریوں کا اعتماد بحال ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے اور ویکسی نیشن کروانے کی وجہ سے مثبت کورونا کی شرح میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے اور ضلع منڈی بہاﺅالدین سمیت تحصیل پھالیہ میں ابھی تک کوئی اموات رپورٹ نہیں ہوئی ہیں جو کہ اہلیان پھالیہ کیلئے خوشی اور اطمینان کا باعث ہے۔

انہوں نے مذید کہا کہ حکومت اس وقت پوری کوشش کر رہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ کورونا ویکسی نیشن کروائیں کیونکہ کورونا سے بچاﺅ کا واحد حل ویکسی نیشن ہے ، عوام الناس قومی فریضہ کے تحت کورونا ویکسی نیشن کو ترجیح دیں، معاشرے کے تمام با شعور طبقات آگے بڑھ کر عوام الناس میں شعور اجاگر کریں تا کہ لوگ جھوٹے پراپیگنڈے میں آنے کی بجائے ویکسین لگوانے کو ترجیح دیں اور اپنی اور اپنے پیاروں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں