fruit mandi mandi bahauddin

ذخیرہ اندوزی کی اطلاع دینے والے شخص کو 10 فیصد انعام دیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے آج علی الصبح شہر کی سبزی وپھل منڈی کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے سبزی و پھل منڈی میں بولی کے عمل کا جائز ہ لیا ۔ انہوں نے مختلف دکانوں اور گوداموں کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی نگرانی میں بھی پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کروائی۔انہوں نے کہاکہ منڈیوں کے دورے اور مانیٹرنگ کا بنیادی مقصد مارکیٹ میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام لانا ہے۔

منڈی بہاﺅالدین(ایم.بی.ڈین نیوز 20 اکتوبر 2021 ) انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے عوام دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے کریک ڈاﺅن جاری ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اشیائے خوردونوش کو ذخیرہ کرنا یا مہنگے داموں بیچنا ایک ناقابل ضمانت سنگین جرم ہے جس کی انسداد ذخیرہ اندوزی آرڈینینس 2020کے تحت 3 سال قید کی سز ا اور ضبط شدہ مال کا 50 فیصد بطور جرمانہ عائد ہے ۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو تمام دکانوں پر سبزی اور پھل کے الگ الگ سرکاری نرخنامے آویزں کروانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہری اپنی ذمہ داری نبھائیں ، ذخیرہ اندوزی میں ملوث عوام دشمن عناصر کی اطلاع ہیلپ لائن 0800-02345 پر دیں ۔

جس کی روشنی میں ذخیرہ اندوزی کی اطلاع دینے والے شخص کو ضبط شدہ مال کا 10 فیصد بطور انعام دیا جائے گا ۔ انہوں نے آڑھتیوں اور نیلامی کے ممبران کو ہدایت کی کہ صارفین کے حقوق کا خیال کرتے ہوئے عوام کی قوت خرید کے مطابق مقرر کردہ ریٹس پر ہی پھل اور سبزیاں فروخت کریں بصورت دیگر ناجائز منافع خوری پر سزا بھگتنا پڑے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں