انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں کسی قسم کی سستی اور غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب ڈینگی کے خاتمے کیلئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے، جس طرح سب نے مل کر کورونا وائرس کو شکست دی ہے اسی طرح ڈینگی سے بھی نجات حاصل کر لیں گے ، عوام الناس ڈینگی سے بچاﺅ کیلئے حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ڈینگی کی افزائش کے تمام ممکنہ مقامات کی باقاعدگی سے ان ڈور اور آﺅٹ ڈور سرویلینس جاری رکھی جائے، انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں کسی قسم کی سستی اور غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی ۔

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز یکم نومبر 2021) ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، سی ای او ایجوکیشن محمد یاسین ورک، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر محمد افتخار، ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، ڈاکٹر خالد عباسی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ منڈی بہاﺅالدین ڈاکٹر قمر الزمان، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

قبل ازیں سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے اجلاس کو ان ڈور، آﺅٹ ڈور ڈینگی سرویلنس، ڈینگی سپرے ، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک، ڈینگی لاروا سائیٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ہفتے کی کاروائی کے مطابق ہاٹ سپاٹ جگہوں کی چیکنگ کے دوران لاروے پائے جانے پر فوری طور پر مکینیکل لاروا سائیڈنگ کر دی گئی ہے جبکہ سو فیصد تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی کر دی گئی ہے۔

ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران 518 ٹیموں نے ان ڈور 88 ہزار 700 گھروں کو چیک کیا گیا ہے جبکہ 65 ٹیموں نے آﺅٹ ڈور 11 ہزار 210 گھروں کو چیک کیا۔ اسی طرح ان ڈور سرویلینس کے تحت4 لاکھ9 ہزار733 کنٹینرز چیک کئے گئے جبکہ آﺅٹ ڈور سرویلینس کے تحت34 ہزار731 کنٹینرز چیک کئے گئے اور ہاٹ سپاٹ کوریج 100 فیصد رہی۔

محمد الیاس گوندل نے بتایا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پرایک ہزار 61 نوٹسز بھی جاری کئے گئے ہیں اور 17جگہوں کو سیل کیا گیا جبکہ 7افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج کروا کر 2 افراد کو گرفتار کرا دیا گیا۔ بریفنگ سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ ڈینگی کا خاتمہ ایک سماجی اور قومی مسئلہ ہے اور اس مرض کے لاحق ہونے سے مریض خطرناک مرض میں مبتلا ہو جاتا ہے اس لئے محکمہ صحت کے علاوہ تمام متعلقہ محکموں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ڈینگی کے خاتمے کیلیے سنجیدہ کوششیں کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں