چپس کی عالمی سطح پر قلت کے باعث ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اپنے نئے فون آئی فون 13 کی پیداوار میں ایک کروڑ یونٹس تک کی کمی کرسکتی ہے۔
بلوم برگ نیوز کی رپورٹ کے مطابق رواں سال کے اختتام تک ایپل نے آئی فون 13 کے 9 کروڑ یونٹس تیار کرنے تھے تاہم انہوں نے اپنے مینو فیکچررز کو بتادیا ہے کہ یونٹس متوقع تعداد سے کم ہوسکتے ہیں۔ بلومبرگ کے مطابق آئی فون 13 کی تعداد میں ایک کروڑ یونٹس تک کی کمی ہوسکتی ہے، جس کے بعد آئی فون 13 کی پیداوار 8 کروڑ یونٹس تک رہ سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فائیو جی ٹیکنالوجی اور طاقتور کیمرے کے ساتھ ’آئی فون 13‘ پیش کردیا گیا
ایپل کے مطابق براڈ کام اور ٹیکساس انسٹرومنٹس کو چپس فراہم کرنے کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایپل نے اس حوالے سے کئے گئے سوال کا جواب دینے سے انکار کردیا، جبکہ براڈ کام اور ٹیکساس انسٹرومنٹس نے بھی کسی طرح کا ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جولائی میں ایپل نے اپنی آمدن میں سست روی کی پیشگوئی بھی کی تھی۔ کمپنی کے مطابق چپس کی قلت کی وجہ سے کمپنی کی میکس اور آئی پیڈز بنانے کی صلاحیت متاثر ہورہی ہے، جس کی وجہ سے آئی فون کی پیداوار بھی متاثر ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ کرونا وباء کے دورا لاک ڈاؤن کے باعث چپس کی قلت کی وجہ سے آٹو موبائل سمیت الیکٹرونکس کی صنعتیں شدید دباؤ کا شکار ہیں اور کئی کمپنیز نے عارضی طور پر اپنی پیداوار بند کردی ہے
