ڈینگی ایک خطرناک لیکن قابل علاج مرض ہے، محکمہ صحت کے اقدامات کی بدولت صوبہ بڑی حد تک اس موذی مرض سے نجات پا چکا ہے

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 22مئی2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ ڈینگی ایک خطرناک لیکن سو فیصد قابل علاج مرض ہے جس سے مکمل بچاﺅ کیلئے ہمیں گھروں اور اپنے گردونواح میں اس مرض کے پھیلاﺅ کا سبب بننے والے عوامل کا خاتمہ کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی مسلسل کوششوں اور محکمہ صحت کے اقدامات کی بدولت صوبہ پنجاب بڑی حد تک اس موذی مرض سے نجات پا چکا ہے تاہم ابھی بھی اس کے پھیلاﺅ کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں انسداد ڈینگی ڈے کے حوالے سے منعقدہ واک کی قیادت کرتے ہوئے کیا ۔ واک میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد عباسی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ثاقب حیات گوندل، فیلڈ آفیسر ماحولیات عاطف عمران، ایل ایچ وی اینڈ ڈبلیو کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔واک ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہو کر ڈی سی آفس کے مین گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہاکہ انسداد ڈینگی کیلئے کمیونٹی کے عملی تعاون کے بغیر ڈینگی مچھر کا خاتمہ ممکن نہیں بالخصوص گلی، محلوں، گھروں، پارکوں اور دیگر مخصوص جگہوں پر مچھروں کی افزائش روکنے کے لئے محکمہ صحت کے علاوہ کمیونٹی موبلائزیشن موثر کردار ادا کر سکتی ہے۔انہوں نے شرکاءپر زور دیا کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول ، دفاتر کے اندر، چھتوں، باغیچوں، پارکوں اور پبلک مقامات کو صاف اور خشک رکھنے کیلئے عملی اور موثر کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں تمام متعلقہ محکمے خصوصاً محکمہ صحت بھر پور اقدامات کرے ، اس ضمن میں تمام ادارے حکومت پنجاب کے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں ۔

انہوں نے کہاکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ محکمہ صحت کی ٹیموں سے ملنے والی ہدایات اور حفاظتی تدابیر کو ضرور اپنائیں۔طارق علی بسرا نے کہاکہ کورونا وائرس سے بچاﺅ کے ساتھ ساتھ ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کیلئے سرویلنس اور ڈینگی مچھر سے بچاﺅ کیلئے شہریوں میں آگاہی پیدا کی جائے ۔ اس حوالے سے ضلع کی اہم شاہرایوں اور چوکوں پر انسداد ڈینگی ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر پر مشتمل بینرز آویزاں کئے جائیں اور لوگوں میں پمفلٹس بھی تقسیم کئے جائیں ۔

اپنا تبصرہ لکھیں