منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 24 فروری2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے آج اراضی ریکارڈ سنٹر کا اچانک دورہ کیا۔ اپنے دورے کے آغاز میں ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر کے معائنے کے دوران رجسٹری، زمینوں کے اندراج، انتقالات اور فرد کے حصول ایسے شعبوں کے علاوہ صفائی ستھرائی ، افسران اور سٹاف کی حاضری اور دیگر شعبوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے اے ڈی ایل آر کی عدم موجودگی کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں پینڈنگ فائل کے ساتھ ڈی سی آفس پیش ہونے کی ہدایت کی۔ انہوں نے وہاں پر آئے ہوئے سائلین سے ان کے مسائل دریافت کر کے ان کو موقع پر حل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔انہوں نے سائلین سے کہا کہ کسی مسئلہ کے حل نہ ہونے کی صورت میں میرے نوٹس میں لایاجائے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سائلین کے رش پر وہاں پر موجود دیگر افسران کو ہدایت کی کہ سائلین کے رش کو کسی صورت بڑھنے نا دیا جائے بلکہ تمام متعلقہ افسران از خود سائلین کی شکایات سن کر موقع پر حل کریں۔انہوں نے مذید ہدایت کی کہ سائلین کو بار بار اراضی سنٹر آنے کی دقت سے بچایا جائے اور سائلین کی درخواستوں کو میرٹ پر فوری طور پر حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے دوبارہ اراضی ریکارڈ سنٹر کادورہ کروں گا اور حالات کا از خود جائزہ لوں گا۔