ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے صبح سویرے شہر کی سبزی وپھل منڈی کا اچانک دورہ کیا

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 28 اپریل 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے صبح سویرے شہر کی سبزی وپھل منڈی کا اچانک دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو آمدورفت میں رکاوٹ پیدا کرنے والے پھڑیوں کو متبادل جگہ فراہم کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے پھل و سبزی منڈی کی مختلف آڑھتوں پر جا کر خود اپنی نگرانی میں سبزی و پھل کی بولی کروائی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں ناجائز منافع خوری کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا بالخصوص رمضان المبارک کے مقدس مہینے عوام کی اعلیٰ معیار کی سبزیاں اور پھل مناسب قیمتوں پر مہیا کرنے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو خصوصی طور پر متحرک کیا گیا ہے جو باقاعدگی سے اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں کو کنٹرول کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پھل و سبزی منڈیوں میں بولی کے عمل کی سختی سے نگرانی کی جا رہی ہے اور میرے روزانہ کی بنیاد پر پھل و سبزی منڈی کے دورے اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔پرائس ایکٹ کے تحت کسی کو بھی ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آرز اور گرفتاریوں عمل میں لائی جائیں گی۔

انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران و اہلکاران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق عوام الناس کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ نہوں نے آڑھتی حضرات کو ہدایت کی کہ وہ مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے طے شدہ قیمتیں ہی وصول کریں بصورت دیگر ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو قانون شکنی پر سزا بھگتنا پڑے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں