usman khalid khan dc

پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو ویکسین پلانے کے عمل کو سو فیصد یقینی بنایا جائے، ڈپٹی کمشنر

ڈپٹی کمشنر عثمان خالدخان نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے ،قوم کے نونہالوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانا کسی عبادت سے کم نہیں، انہوں نے فیلڈ میں مصروف عمل پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو ویکسین پلانے کے عمل کو سو فیصد یقینی بنایا جائے اور گلی محلوں، بس اڈوں ، سٹیشن اور دیگر مقامات پر مامور ٹیموں کی مانیٹرنگ بھی کی جائے۔

منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 24مئی 2022) ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع بھر میں جاری انسداد پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ریونیو) ڈاکٹر احسان الحق ضیاء،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر افتخار، ڈاکٹر شکیل نذر، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد عباسی، فوکل پرسن برائے ای پی آئی/پولیورافعہ ناہید،یونیسف کے نمائندے اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر عثمان خالد نے اپنے عہدے کا چارج سنمبھال لیا

قبل ازیں اجلاس کو سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے پہلے روز پانچ سال تک کی عمر کے ایک لاکھ 136 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے جبکہ ہدف ایک لاکھ 4ہزار 101 مقرر کیا گیا تھا۔ اس طرح مجموعی کوریج 96 فیصد رہی۔

جس پر ڈپٹی کمشنر عثمان خالدخان نے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان ہم سب کا اصل ہدف ہے، دنیا نے پولیو سے نجات حاصل کر لی ہے اب ہمیں اس کے خاتمے کیلئے قومی فریضہ کے طور پر اپنی تمام توانائیاں صرف کرنا ہوں گی، جن گھروں اور پوائنٹس پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں مانیٹرنگ ٹیمیں اس کی تصدیق کریں۔

انہوں نے محکمہ صحت کے افسران پر واضح کیا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اس میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ انسدادپولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے جگر گوشوں کو پولیو مرض سے محفوظ رکھنے اور انہیں مستقل معذوری سے بچانے کیلئے انسداد پولیو ویکسی نیشن کے قطرے ضرور پلوائیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں