وفاقی محتسب کی منڈی بہاوالدین آمد، عوام کی شکایات سنی اور موقع پر احکامات جاری کئے

منڈی بہاﺅالدین( 29جنوری 2021 )ایڈوائزر وفاقی محتسب اعلیٰ برائے گوجرانوالہ ڈویژن شاہد لطیف خان نے کہا ہے کہ وفاقی محکموں سے متعلق عوامی شکایات کے ازالہ کا بنیادی مقصد عام لوگوں کو ان کی دہلیز پر ہی انصاف مہیا کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ اپنی شکایات پر فوری داد رسی پانے والے 85فیصد لوگوں نے وفاقی محتسب کے ادارے پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں کھلی کچہری میں وفاقی محکموں کے متعلق شکایات کے فوری حل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ سائلین نے مختلف اداروں جن میں گیپکو،سوئی گیس اور سٹیٹ لائف شامل ہیں سے متعلق 17شکایات پیش کیں۔ 10شکایات گیپکو،6سوئی گیس جبکہ 1سٹیٹ لائف کے متعلق تھیں۔

وفاقی ایڈوائزر نے موقع پر آئے ہوئے سائلین کی درخواستوں اور شکایات کا فرداََ فرداَجائزہ لیا ۔ جن میں سے 13شکایات کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے جبکہ بقیہ 4شکایات کا فیصلہ اگلی پیشی تک موخر کر دیا گیا ۔دریں اثناءوفاقی ایڈوائرز شاہد لطیف خان نے کہا کہ وفاقی ادارے کی بہترین کارکردگی کو عوام الناس نے سراہا ہے کیونکہ یہ ادارہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر داد رسی پر فوراََ عملدرآمد کروانے کے مشن پر ہے ۔

انہوں نے بتایااس ادارے کے دفاتر میںشکایت درج کرانے کیلئے کسی قسم کی کوئی فیس نہ ہے اور نہ ہی سائل کو وکیل کی ضرورت ہوتی ہے۔ سائل کی شکایت براہ راست سنی جاتی ہے اور بعض اوقات فوری حل طلب شکایات کا موقع پر ہی فیصلہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ سائل حضرات اپنی شکایات کے فوری ازالے اور حصول انصاف کیلئے محتسب کے دفتر وفاقی محتسب سیکرٹریٹ، سب آفس ، 145-144ممتاز مارکیٹ نزد نادرہ ایگزیکٹو آفس ، جی ٹی روڈ، گوجرانوالہ رجوع کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں