منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 19اپریل 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ موسم کی تبدیلی پر ڈینگی لاروا کی ممکنہ افزائش کی جگہوں کی تسلسل کے ساتھ سرویلینس کی جائے اور اس کی تلفی کو سو فیصد ممکن بنایا جائے، انہوں نے افسران پر واضح کیا کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں کسی قسم کی سستی اور غفلت ہر گز گنجائش نہیں ہے، انسداد ڈینگی کی روک تھام اور سد باب کیلئے تسلسل اور محنت کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے تا کہ ضلع کو ڈینگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈ سٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈی ایچ اوز،ڈی ڈی ایچ اوز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
قبل ازیں سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے اجلاس کو ان ڈور، آﺅٹ ڈور ڈینگی سرویلنس،ڈینگی سپرے ، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک، ڈینگی لاروا سائیٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک کی کاروائی کے مطابق جن جگہوں پر ہاٹ سپاٹ ڈینگی لاروا پایا گیا وہاں پر فوری کارروائی کر کے کیمیکل اور مکینیکل لاروا سائیڈنگ کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں ابھی تک ڈینگی کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔
ڈاکٹر الیاس گوندل نے بتایا کہ 12اپریل سے 17اپریل2021تک ان ڈور 74ہزار 155گھروں کو چیک کیا گیا ہے جبکہ آﺅٹ ڈور 9ہزار 260گھروں کو چیک کیا گیا ۔اسی طرح ان ڈور سرویلینس کے تحت 2لاکھ 60ہزار 830کنٹینرز چیک کئے گئے جبکہ آﺅٹ ڈور سرویلینس کے تحت 35ہزار 894کنٹینرز چیک کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر 234نوٹسز جاری کئے گئے۔
بریفنگ سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ ڈینگی کا خاتمہ حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور مسلمان ہونے کے ناطے ہم پر فرض عائد ہوتا ہے کہ ہم گردونواح کی صفائی پر خصوصی توجہ دیں ۔طارق علی بسرا نے شرکاءپر زور دیا کہ وہ انسداد ڈینگی سمیت دیگر امراض کے خاتمے کیلئے کی جانے والی حکومتی کوششوں میں اپنا حصہ ڈالیں۔