منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 26اپریل 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ موسم کی تبدیلی پر تمام متعلقہ محکمےڈینگی لاروا کی ممکنہ افزائش کی جگہوں کی تسلسل کے ساتھ سرویلینس کو مزید تیز کریں اور اس کی تلفی کو سو فیصد ممکن بنایا جائے، انہوں نے افسران پر واضح کیا کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں کسی قسم کی سستی اور غفلت کی ہر گز گنجائش نہیں ہے، انسداد ڈینگی کی روک تھام اور سد باب کیلئے تسلسل اور محنت کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے تا کہ ضلع کو ڈینگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ (ڈی ایچ اے) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈی ایچ اوز ڈاکٹر محمد افتخار، ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، ڈاکٹر رضوان تابش، تینوں تحصیلوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
قبل ازیں سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے اجلاس کو ان ڈور، آﺅٹ ڈور ڈینگی سرویلنس، ڈینگی سپرے ، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک، ڈینگی لاروا سائیٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ہفتے کی کاروائی کے مطابق ایک ہاٹ سپاٹ جگہ پر ڈینگی لاروا پایا گیا جس کی فوری طور پر مکینیکل لاروا سائیڈنگ کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں ابھی تک ڈینگی کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔
ڈاکٹر الیاس گوندل نے بتایا کہ 19 اپریل سے 24 اپریل 2021 تک ان ڈور 75 ہزار 75 گھروں کو چیک کیا گیا ہے جبکہ آﺅٹ ڈور 9 ہزار 460 گھروں کو چیک کیا گیا ۔اسی طرح ان ڈور سرویلینس کے تحت 2 لاکھ 76 ہزار 413 کنٹینرز چیک کئے گئے جبکہ آﺅٹ ڈور سرویلینس کے تحت 38 ہزار 727 کنٹینرز چیک کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر 289 نوٹسز جاری کئے گئے۔
بریفنگ سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ ڈینگی کا خاتمہ حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور مسلمان ہونے کے ناطے ہم پر فرض عائد ہوتا ہے کہ ہم گردونواح کی صفائی پر خصوصی توجہ دیں ۔طارق علی بسرانے محکمہ صحت کے افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسداد ڈینگی سے متعلق ان ڈور ،آوٹ ڈور سرویلنس کے کام میں مذید بہتری لائیں اور اس کے نتائج کی روشنی میںلاروا سائیڈنگ کاکام بھر پور طریقے سے مستقل بنیادوں پر جاری رکھیں تاکہ کسی بھی طرح ڈینگی کی افزائش ممکن نہ ہوسکے۔