منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 23دسمبر2020)ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ قوم کے نونہالوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانا عبادت سے کم نہیں ، پولیو ویکسین کے قطرے پلوانے کیلئے مہم کی تکمیل ٹارگٹس کے مطابق یقینی بنائی جائے، انسدادپولیو/ای پی آئی اورانسداد ٹائیفائیڈ مہم میں عوامی آگاہی کیلئے علمائے کرام اور میڈیا کے رول کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، ان کی خدمات سے بھر پور استفادہ کیا جائے۔
ان خیالات کااظہا رانہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ی پی آئی ویکسی نیشن اورانسداد پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر افتخار احمد،ڈی ڈی ایچ اوز ڈاکٹر شکیل احمد، ڈاکٹر خالد عباسی،ایم ایس منڈی بہاﺅالدین ڈاکٹر اختر حسین بلوچ ،پھالیہ ڈاکٹر بشریٰ چوہدری،ملکوال ڈاکٹر ناصر وقار، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے ای پی آئی/ پولیورافعہ ناہید،نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر صدف،پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
سی او ہیلتھ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ11جنوری سے لیکر15جنوری 2021 تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ جس میں پانچ سال تک کی عمر کے 2لاکھ 70ہزار 815بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔اس مہم میں محکمہ صحت کی70فکسڈ،721موبائل ٹیمیں،43ٹرانزٹ،70یو سی ایم اوز،162ایریا انچارجز جبکہ 1830پولیو ورکرز حصہ لیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیو مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے کیپسول بھی دئیے جائیں گے۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ گھروں جھونپڑیوں،لاری اڈوں، ریلوے اسٹیشن، بھٹہ جات، ڈیرہ جات اور عوامی مقامات پر پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ قطرے پلانے سے محروم نہیں رہنا چاہیئے۔انہوںنے محکمہ صحت کی انسداد پولیو ٹیموں کو باور کرایا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہی ہمارا اصل ہدف ہونا چاہیئے محض بچوں کی مقرر کردہ تعداد کی ویکسی نیشن کر کے کام کومکمل نہیں سمجھنا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق ضلع میں پولیو کے خلاف قومی مہم کو جذبہ حب الوطنی کے تحت مکمل کیا جائیگا۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا انسداد ٹائیفائیڈ مہم کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ٹائیفائیڈ ایک خطرناک جان لیوا مرض ہے ، صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے بچوں کو ٹائیفائیڈ جیسی مہلک بیماری سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی ٹیکوں کا تین سالہ کورس ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر موثر اقدامات کئے جارہے ہیںتا ہم والدین اپنے بچوں میں ٹائیفائیڈ کے خلاف قوت مدافعت میں اضافہ کیلئے ویکسی نیشن لازمی کروائیں تا کہ قوم کے مستقبل کی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
سی او ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یکم فروری سے لے کر 13فروری 2021تک جاری رہنے والی انسداد ٹائیفائیڈ مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں ۔جس پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ انسداد ٹائیفائیڈ مہم میںمقرر کردہ یونین کونسلوں میں 9ماہ سے لے کر 15سال تک کی عمر کا کوئی بچہ ٹیکہ جات لگنے سے محروم نہیں رہنا چاہیئے۔ انہوںنے کہا کہ یکم فروری سے شروع ہونے والی انسداد ٹائیفائیڈ مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کیلئے مائیکرپلان کے مطابق عملدرآمد کیا جائے۔