rescue 1122 mandi bahauddin

ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 کی فرضی مشقیں

منڈی بہاوالدین میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام د ریائے چناب میں پل جوکالیاں ، چھنی مانگا کے مقام پر عملی مشقوں کا اہتمام کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ محمد عرفان ہنجرا،ریسکیو 1122، لائیوسٹاک، ہیلتھ، پولیس، آبپاشی اور متعلقہ اداروں کے افسران اور سٹاف نے حصہ لیا۔

منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 20مئی 2022 ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احسان الحق ضیاء نے منعقدہ عملی مشقوں کا معائنہ کیا اور سیلاب سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر تمام اداروں نے ایمرجنسی سے متعلق طے شدہ ذمہ داریوں کی ادائیگیوں کیلئے بھی اپنے کیمپس لگائے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 انجینئر عمران خان نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو فرضی سیلابی ریسکیو کیمپ کا دورہ کرایا.

اس دوران فرضی مشقوں میں ریسکیو 1122کے اہلکاروں نے سیلاب زدگان کو بذریعہ کشتی محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے ساتھ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے فیلڈ ہسپتال منتقل کرانے کی عملی تربیت کا مظاہرہ کیا گیا، اسی طرح ڈوبتے شخص کو نکالنے کیلئے ریسکیو کے غوطہ خوروں کی عملی مشق کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ اس دوران بوٹ موومنٹ مانٹیرنگ کیمپ بھی لگایا گیا جہاں سے آپریشن میں استعمال ہونے والی کشتیوں کا جائزہ لیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے تمام اداروں خصوصاً ریسکیو 1122 کی تعریف اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ممکنہ سیلاب کیلئے ہم ہمہ وقت تیار ہیں،ابھی سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے،عملی مشقوں سے تمام اداروں کے دستیاب وسائل، آپس میں باہمی روابط، ممکنہ سیلاب پر ریسپانس اور آلات کی تیاریوں کا پتہ چلتا ہے.

انہوں نے کہا کہ موسمی تغیرات کے باعث ممکنہ سیلاب سے متعلق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہماری تیاریاں مکمل ہیں، ریسکیو 1122 ہمارا فخر اور دوسروں کیلئے رول ماڈل ہیں، متاثرین کی ہر قسم کی مدد ہماری اولین ترجیح ہے۔

اس موقع پر ایدیشنل ڈپٹی کمشنر نے دیگر اداروں کیطرف سے لگائے گئے کیمپوں اور دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا ۔بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ محمد عرفان ہنجرا، ڈی او ایمرجنسی عمران خان اور دیگر متعلقہ ملازمین میں تعریفی اسناد اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں