زائد ریٹس وصول کرنے اور اینٹوں کی کم اجرت دینے پر 4بھٹہ جات مالکان کے خلاف ایف آئی آرز درج

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 29جنوری 2021 ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ حکومتی ایس او پیزکے تحت کم از کم اجرت کے نفاذ،ای او بی آئی رجسٹریشن،انسپکشنزاور سوشل سکیورٹی کارڈز کے اجراءکیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں،انہوں نے کہا کہ جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے تمام متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی سے کام کریں،انہوں نے بھٹہ مالکان پر زور دیا کہ بھٹوں پر کام کرنے والے مزوروں کی صحت اور فلاح و بہبود کا خیال رکھنا بھٹہ مالکان کی اولین ذمہ داری ہے،انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو باور کرایا کہ لیبر لاز کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں محکمہ لیبر کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ ویجی لینس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبرثاقب حیات گوندل،سوشل سکیورٹی آفیسراظہر عباس ، اسسٹنٹ لیبر آفیسر رانا آصف منیر ،بھٹہ مزدوروں کے صدرمیاںغلام سرور، بھٹہ مزدوروں کے نمائندے امتیاز شاہین، انسپکٹراور دیگرز نے شرکت کی۔

قبل ازیں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر و یلفیئر ثاقب حیات نے اجلاس کو محکمہ لیبر کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ لیبرکے افسران تسلسل کے ساتھ بھٹہ خشت اور شاپس کی انسپکشن کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں اور چیکنگ کے دوران جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ۔انہوں نے کہا کہ اینٹوں کے زائد ریٹس وصول کرنے اور اینٹوں کی کم اجرت دینے پر 4بھٹہ جات مالکان کے خلاف ایف آئی آرز درج کروائی جاچکی ہیں جبکہ ضلع میں جبری مشقت کے حوالے سے کوئی بھی کیس موصول نہ ہوا ہے۔

سوشل سکیورٹی آفیسر نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع بھر میں193بھٹہ خشت کو رجسٹرڈ کرکے 865مزدور خاندانوں کو سوشل سیکورٹی کارڈ جاری کئے جاچکے ہیںجبکہ باقی خاندانوں کے سوشل سکیورٹی کارڈز کے جاری کرنے کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔جس پر اے ڈی سی آر نے باقی ماندہ خاندانوں کو جلد از جلد سوشل سیکورٹی کارڈ جاری کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام صنعتی کارکنان کو سوشل سیکورٹی کارڈ کا اجراءیقینی بنایا جائے تاکہ غریب مزدوروں کی فلاح و بہبود ہو سکے اور یہ علاج معالجہ کی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔اس موقع پر بھٹہ خشت ایسوسی ایشن کے عہدیدران نے بھٹہ جات کے مسائل سے متعلق اپنی گزارشات بھی پیش کیں جس کا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے حل کرنے کا یقین دلایا۔

اے ڈی سی نے بھٹہ خشت مالکان کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کاروبار کو آسانی اور بہتر طریقے سے چلانے کیلئے حکومتی پالیسی کے مطابق اپنے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کر لیںتاکہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پرانی طرز پر تعمیر شدہ بھٹہ خشت کو چلانے کی ہر گز اجازت نہ دی جائے اور خلاف ورزی کرنے والے مالکان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے۔انہوں نے کہا ہے کہ جبری مشقت کے خاتمے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا،حکومتی ایس او پیز اور لیبر قوانین کے تحت کم از کم اجرت کے نفاذ اور انسپکشن کا عمل جاری رکھا جائے جبکہ لیبر لاز کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں