رمضان بازاروں میں کریانہ، مشروبات ، کھجور، گوشت، انڈے عام مارکیٹ کی نسبت کم قیمت پر دستیاب ہیں، طارق علی بسرا

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 19اپریل 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا اور ڈی پی او سید علی رضا نے علی الصبح شہر کی سبزی وپھل منڈی کا اچانک دورہ کیا ۔انہوں نے مختلف دکانوں اور گوداموں کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی نگرانی میں پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کا جائزہ بھی لیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر امتیاز علی بیگ، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو تمام دکانوں، سبزی و پھل منڈی کی دکانوں، کمیشن ایجنٹوں کی بولی کے عمل کے بعد کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے سبزی و پھل منڈی میں آنے جانے والے صارفین کے راستوں میں رکاوٹ کا باعث بننے والے خوانچہ فروشوں کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے آڑھتیوں اور نیلامی کے ممبران سے کہاکہ وہ عوام کی قوت خرید کے مطابق حکومت کے مقرر کردہ ریٹس پر پھل اور سبزیاں فروخت کریں اور صارفین کے حقوق کا خیال رکھیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو کنٹرول کیاجا رہا ہے،

انہوں نے واضح کیا کہ قیمتوں میں بلا جواز اضافے کے منفی رحجان کو سختی سے روکا جائے گا لہذٰا آڑھتی حضرات حکومت کی جانب سے طے شدہ قیمتیں ہی وصول کریں بصورت دیگر ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو قانون شکنی پر سزا بھگتنا پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر سبزیوں و پھلوں کی قیمتوں کو عوام الناس کو براہ راست ریلیف پہنچانے کیلئے کنٹرول کیا جا رہا ہے اورمنڈی میں نیلامی کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ تمام سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پرعملدرآمد کروایا جا رہا ہے جس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے سٹی رمضان بازار کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے رمضان بازار میں اشیائے خوردونوش کے مختلف سٹالز کا معائنہ اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اشیاءکی کوالٹی ، مقدار اور قیمتوں اور کورونا ایس او پیز کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے انچارج رمضان بازار کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ رمضان بازاروں میں عوام الناس کو ریلیف کی فراہمی بنیادی ترجیح ہے، عام مارکیٹ کی نسبت رمضان بازاروں میں چینی20روپے رعائت کے ساتھ 65روپے فی کلو جبکہ 10کلو گرام آٹے کا تھیلا 55روپے کی بچت کے ساتھ 375روپے فی تھیلا مہیا کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ رمضان بازاروں میں کریانہ، مشروبات ، کھجور، گوشت، انڈے عام مارکیٹ کی نسبت کم قیمت پر دستیاب ہیں۔انہوں نے کہاکہ تمام رمضان بازاروں اور عام مارکیٹوں میں چیزوں کی کوالٹی اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے ضلع بھر کے پرائس مجسٹریٹس کو متحرک کیا گیا ہے تا کہ صارفین کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ رمضان بازاروں میں خریداری سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کر سکیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں