international women's day 2022

خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے پاکستان میں اب تک ہونے والی پیش رفت شاندار ہے، محمد شفیق

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک و قوم کا نام روشن کر سکتی ہیں، خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے پاکستان میں اب تک ہونے والی پیش رفت شاندار ہے۔ پاکستان کی پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کی نمائندگی 33 فیصد ہے جو کہ دنیا بھر کیلئے مثال ہے۔

منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 08 مارچ 2022 ) ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنمنٹ نواز شریف گرلز کالج منڈی بہاﺅالدین میں عالمی خواتین ڈے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، ڈی ڈی کالجز محمد فاروق، ڈی او پاپولیشن غفران ثاقب، ڈپٹی ڈی او پاپولیشن عتیق الرحمٰن، پرنسپل سپیشل ایجوکیشن سنٹر سمیت اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد بھی موجودتھی۔

قبل ازیں سپیشل ایجوکیشن سنٹر کے بچوں نے خوبصورت ٹیبلوز پیش کئے جس کو وہاں حاضرین نے خوب محظوظ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہاکہ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی رہنمائی میں خواتین کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے بھرپور کوشش کر رہی ہے ۔ موجودہ حکومت خواتین کی ترقی اور ان کے تمام شعبہ ہائے زندگی میں کردار کو اجاگر کرنے پر اپنی تمام توجہ اور وسائل کو مرکوز کئے ہوئے ہے اور موجودہ حکومت کے موثر اقدامات کی وجہ سے معاشرے میں خواتین کو اپنی پسند کے ہر شعبے میں کام کرنے کی مکمل آزادی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ خوشی کی بات ہے کہ پاکستانی خواتین دن بدن ہرشعبے میں قوم کا سرفخر سے بلند کررہی ہیں۔ اے ڈی سی جی نے کہا کہ خواتین کی عزت و توقیر ہمارا معاشرتی ہی نہیں دینی فریضہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک میں آج سے کئی سو سال پہلے سورة النساء کا نزول اور اسلام میں عورت کے حقوق بتا کر عورت کو وہ حقوق عطاءکئے ہیں جن کا مغربی معاشرہ آج متلاشی ہے۔ تقریب سے دیگر مقررین نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں