ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نےسٹاف کی تنخواہوں کی ادائیگی کی منظوری دے دی

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 25مئی2021) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق کی زیر صدارت آج ڈی سی آفس میںڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ منڈی بہاﺅالدین ڈاکٹر مہار اختر حسین بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈیٹا اینٹری آپریٹرز و دیگر سٹاف کی تنخواہوں کی ادائیگی اور گاڑیوں کی مرمت و بحالی ایسے امور زیر بحث آئے۔ جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے شرکاءاجلاس کی متفقہ رائے کے بعد سٹاف کی تنخواہوں کی ادائیگی کی منظوری دے دی اور گاڑیوں کی مرمت و بحالی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگر محکمہ صحت کے پاس فنڈز کی کمی درپیش ہے تو تحریری طور پر اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لایاجائے اور فنڈز حاصل کر کے فوری طور پر گاڑیوں کی مرمت و بحالی کروائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اورکروڑوں روپے کے بجٹ کی فراہمی کا مقصد شہریوں کو صحت عامہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے یہی وجہ ہے کہ صحت عامہ کا شعبہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام ہسپتالوں میں عدم سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اپ گریڈ بھی کیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت ہر ممکن وسائل اور فنڈز مہیا کر رہی ہے۔

محمد شفیق نے کہاکہ صحت عامہ کی سہولتوں میں کئی گنا اضافے کے بعد سرکاری ہسپتالوں پر مریضوں کا اعتماد بڑھا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ محکمہ صحت عوام الناس کی فلاح و بہبود کیلئے بھر پور دلچسپی لیتے ہوئے حکومتی پالیسیوں کا کامیاب بنائیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں