منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 14فروری2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیز ہماری شناخت اور سفیر ہیں ،ان کے مقامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ سردار عثمان بزدار حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو یہاں پر درپیش مشکلات کے حل اور انہیں تمام ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے ِاوورسیز کمیٹی کے اجلاسوں میں درخواستوں اور شکایات کا فوری نوٹس لے کر بلا تاخیر محکمانہ اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی جاتی ہیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی پی او سید علی رضا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ،فوکل پرسن و ڈی او انڈسٹریز رانا گلفام حیدر،پراسیکیوشن افسران،ریونیو افسران ، انچارج اوورسیز کمیٹی مدثر احمد،ممبر اورسیز کمیٹی فیصل گوندل، ترجمان اوورسیز کمیٹی حمزہ علی ،امتیاز احمد،مختلف محکموں کے افسران، درخواست گزار اور اوورسیز پاکستانیز کے نمائندے بھی موجود تھے۔
اجلاس میں اراضی پر قبضوں ، جائیدادوں کی وراثتی تقسیم، رقوم کے لین دین، تجاوزات، دھوکہ دہی، جان سے مار دینے کی دھمکیوں اور دیگر مسائل پر مشتمل درخواستیں اور شکایات پیش کی گئیں۔ قبل ازیں اجلاس کو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے متعلق شکایات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اب تک کمیٹی میں221شکایات پیش کی گئیں جن میں سے 155شکایات مختلف محکموں کی کاوشوں سے حل کرکے رپورٹ اوورسیز پاکستانی کمیشن کو بھجوائی جاچکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ36شکایات کورٹس،30درخواستیں زیر سماعت ہیںجن کا جلد ہی ازالہ کر دیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہر دو پارٹیوں کا فردا ً فرداً موقف سننے کے بعد حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔انہوں نے مختلف محکموں کے افسران کو کیسز سے متعلق اپنی پراگریس رپورٹ اور بعض زیر التوا کیسزمیں فوری کاروائی کر کے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ا نہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پوری تیاری کے ساتھ اجلاس میں شرکت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے ڈسٹرکٹ اٹارنی کو ہدایت کی کہ تمام کیسز کو قانونی طور پر حل کرنے اور نپٹانے کے حوالے سے اپنی جائزہ رپورٹ بھی پیش کریں۔
انہوں نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز ، پولیس اور دیگر محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لیں اوراعلیٰ حکام کی جانب سے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ڈی پی او سید علی رضا نے کہا کہ پاکستان میں ان کے مفادات کا تحفظ ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔ نا جائز قابضین اور دھوکہ دہی کے مرتکب افراد کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا اور کسی فریق کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔