polio mandi bahauddin

انسداد پولیو مہم میں 2 لاکھ 92 ہزار 206 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے

ڈپٹی کمشنر عثمان خالد خان نے کہا ہے کہ پولیو مہم کی کامیابی صحت مند پاکستان کی ضمانت ہے، پولیو ٹیمیں پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو ویکسین پلانے کے عمل کو سو فیصد یقینی بنائیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع بھر میں جاری انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز کی کاروائیوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 26مئی 2022) اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرزڈاکٹر افتخار ، ڈاکٹر شکیل نذر، ڈپٹی ڈی ایچ اوز ڈاکٹر خالد عباسی، ڈاکٹر فرخ، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے ای پی آئی/پولیورافعہ ناہید، نمائندہ یونیسف محمد اقبال، نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر صدف ، پی ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

قبل ازیں سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں جاری نسداد پولیو مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے مجموعی طور پر2 لاکھ 92 ہزار 206 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے جبکہ ہدف 3 لاکھ 11ہزار943 مقرر کیا گیا تھا۔ اس طرح مجموعی کوریج94فیصد رہی ۔

جس پر ڈپٹی کمشنر عثمان خالد خان نے کہا کہ ضلع کے پولیو فری سٹیٹس کو برقرار رکھنے کیلئے ہر فرد اپنی ذمہ داری پوری کرے،جن گھروں اور پوائنٹس پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں مانیٹرنگ ٹیمیں اس کی تصدیق کریں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ انسدادپولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے جگر گوشوں کو پولیو مرض سے محفوظ رکھنے اور انہیں مستقل معذوری سے بچانے کیلئے انسداد پولیو ویکسی نیشن کے قطرے ضرور پلوائیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں