منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 23 اپریل 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش کو عوام الناس کی قوت خرید کے مطابق بنانے تک پھل و سبزی منڈی کی مانیٹرنگ اور دورے جاری رہیں گے، انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو اعلیٰ معیار کی سبزیاں اور پھل مناسب قیمتوں پر مہیا کرنے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو پہلے ہی متحرک کر دیا گیا ہے جو شہریوں تک ریلیف پہنچانے کیلئے منڈی سے بازاروں تک قیمتوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں تا کہ عوام الناس کو گراں فروشی او مصنوعی مہنگائی سے بچایا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے علی الصبح سبزی و پھل منڈی کے دورے کے موقع پر کیا۔ڈی پی او سید علی رضا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے مختلف دکانوں اور گوداموں کا معائنہ کیا ۔انہوں نے مختلف آڑھتوں پر جا کر سبزیوں اور پھلوں کے معیار اور کوالٹی کو خود چیک کیا اور اپنی نگرانی میں سبزی و پھلوں کی حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر نیلامی کروائی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق عوام الناس کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں ۔
انہوں نے خبردار کیا کہ پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں ناجائز منافع خوری کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا ۔ انہوں نے آڑھتی حضرات کو ہدایت کی کہ وہ مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے طے شدہ قیمتیں ہی وصول کریں بصورت دیگر ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو قانون شکنی پر سزا بھگتنا پڑے گی۔انہوں نے مذید کہا کہ پرائس ایکٹ کے تحت سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو کنٹرول کیاجا رہا ہے۔کسی کو بھی ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آرز درج اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔
دریں اثناءڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ اور اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار اپنی تحصیلوں کی پھل و سبزی منڈیوں کے تسلسل کے ساتھ دورے کر رہے ہیں تا کہ منڈیوں میں بولی کے عمل کی نگرانی اور قیمتوں میں استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔