چہلم حضرت امام حسین کے سلسلہ میں جلوس و مجالس عزا کیلئے ضلع بھر میں غیر معمولی انتظامات یقینی بنائے جارہے ہیں ، متعلقہ محکمہ جات اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی سرانجام دیں، اس ضمن میں کسی قسم کے غیر ذمہ دارانہ رویے اور غفلت کوہرگز برداشت نہیں کیاجائے گا۔
منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 15 ستمبر2022) یہ بات ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے چہلم حضرت امام حسین کے سلسلہ میں متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے کئے جا نیوالے انتظامات کے جائزہ کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر ملک عباس ذوالقرنین، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ، ریسکیو 1122 سمیت مختلف محکمہ ہیلتھ، واپڈا، پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ،سوئی گیس، ہائی ویز، لوکل گورنمنٹ اور پولیس سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے کہاکہ ضلع میں چہلم کے تمام جلوس و مجالس عزا کے انتظامی امور کیساتھ ساتھ سیکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات یقینی بنائے جارہے ہیں اس سلسلہ میں ایک خصوصی پلان کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ چہلم حضرت امام حسین کے سلسلہ میں ضلع بھر میں 8 جلوس اور 10مجالس انعقاد پذیر ہوں گی۔ تمام متعلقہ محکمہ جات مکمل ویجی لینس کیساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں، اگر کسی محکمہ کی جانب سے کوتاہی یا غفلت کا مظاہرہ کیا گیا تو ذمہ داران کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں جلوس کے روٹس کا از خود معائنہ کریں اور قبل از وقت تمام انتظامات کو مکمل کیا جائے ۔اس موقع پرمختلف محکموں کی جانب سے مرتب کردہ چہلم پلان پر ڈپٹی کمشنر کو مفصل بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکمہ جات کے افسران کو احکامات جاری کئے کہ جلوس رو ٹس پر صفائی ستھرائی،سیوریج،برقی تاروں کی درستگی اور دیگر ضروری مرمتی امور کو قبل از وقت مکمل کیا جائے تاکہ جلوسوں کی گزرگاہوں پر کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
