ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا اور ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ خسرہ ایک مہلک مرض ہے جس کے خاتمے کیلئے عوام الناس بالخصوص والدین کا تعاون ناگزیر ہے، انہوں نے کہا کہ انسداد خسرہ مہم کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا، انسداد خسرہ مہم میں عوامی آگاہی کیلئے علمائے کرام اور میڈیا کے رول کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، ان کی خدمات سے بھر پور استفادہ کیا جائے۔
منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 13 نومبر 2021) ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ضلع کونسل ہال میں انسداد خسرہ و روبیلا مہم کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر افتخار احمد، ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، ڈاکٹر خالد عباسی، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر قمر الزمان گورائیہ، ڈی ڈی پاپولیشن آفیسر عتیق الرحمٰن، ایجوکیشن اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
قبل ازیں انسداد خسرہ و روبیلا مہم کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہاکہ 15 نومبر سے 27 نومبر 2021 تک 13 روزہ جاری رہنے والی مہم میں 9 ماہ کی عمر سے لے کر 15 سال تک کے 6 لاکھ 63 ہزار420 بچوں کی ویکسی نیشن جبکہ 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مہم کیلئے ضلع میں 65 سنٹرز قائم کر دئیے گئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ خسرہ اور روبیلا خطرناک اور جان لیوا امراض ہیں۔ والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس مرض سے محفوظ رکھنے کیلئے قریب ترین عارضی ویکسی نیشن سنٹر ، سکول یا مرکز صحت میں خسرہ اور روبیلا کا مفت ٹیکہ لگوائیں تاکہ ضلع کو خسرہ فری بنانے میں مدد مل سکے۔ ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے کہا کہ صحت مندمعاشرہ ہی ملک و قوم کی ترقی کی ضامن ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بچوں کو خسرہ کے مرض سے محفوظ رکھنے کیلئے حکوت پنجاب محکمہ صحت کے اقدامات لائق تحسین ہیں ۔
نومولود بچوں کی صحت اور بیماریوں سے بچاﺅ کیلئے حکومت اربوں روپے خرچ کر رہی ہے۔ والدین کی ذمہ داری ہے کہ حکومتی ہدایت کے مطابق بچوں کو خسرہ سے بچاﺅ کے حفاظتی ٹیکہ جات لازمی لگوائیں۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر اور ممبر قومی اسمبلی نے بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے اور انگوٹھوں پر نشانات بھی لگائے۔
