منڈی بہاؤالدین میں پروین نامی ایک خاتون نے 15 دیگر خواتین کے ساتھ مل کر ایچ پی وی ویکسین لگانے والی خاتون ہیلتھ ورکر پر حملہ کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ سی ای او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ڈی پی او سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی۔
منڈی بہاءالدین میں ہیومن پیپیلوما وائرس کی ویکسینیشن مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے
خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز ہماری بہنیں اور بیٹیاں ہیں۔ ان کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ میں اپنی تمام لیڈی ہیلتھ ورکرز بہنوں اور بیٹیوں کے ساتھ ہوں، جو اس نیک کام میں سب سے آگے ہیں۔
لیڈی ہیلتھ ورکرز پر تشدد کرنے والے یقیناً سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے کہا، “خدا کے لیے، جھوٹے پروپیگنڈے میں نہ آئیں۔ یہ ویکسین ہماری بچیوں کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کی ضمانت ہے۔”
