پنجاب کے مختلف اضلاع جہاں دریائے ستلج پر اسلام ہیڈ ورکس پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، وہاں سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8400 سے زائد افراد اور 341 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کے فلڈ وارننگ سینٹر کے مطابق گنڈا سنگھ والا کے مقام پر دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جہاں آج صبح 10 بجے پانی کا بہاؤ 122 ہزار 236 کیوسک تھا۔ دریائے ستلج کے جنوب مغرب میں اسلام ہیڈ ورکس پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں رات 12 بجے تک پانی کا بہاؤ 144 ہزار 911 کیوسک ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، نارووال، لاہور، قصور، شیخوپورہ، چترال، دیر، سوات، شانگلہ میں بارش کا امکان ہے۔ بونیر، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، کوہاٹ، پشاور، مردان، صوابی اور نوشہرہ اور سیالکوٹ میں 23 سے 27 اگست تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔