ایس ایس پی زاہد محمود گوندل شہید کی برسی کی تقریب، سندا میں ڈی پی او ساجد حسین کھوکھر کی شہید کی قبر پر حاضری، پھولوں کی چادر چڑھائی،سرکاری سکول میں ماہم النساء بلاک کا سنگ بنیاد رکھا،فلاحی تنظیم کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کا بھی انعقاد۔
ملک وال (نامہ نگار) تفصیلات کے مطابق سانحہ چیئرنگ کراس لاہور بم دھماکہ میں شہید ہونے والے ایس ایس پی زاہد محمود گوندل شہید کی برسی کی تقریب نواحی گاوں سندا میں منعقد ہوئی، اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین کھوکھر ، زاہد محمودگوندل شہید کے بھائی ایڈیشنل کمشنر ایف بی آر شہزاد محمود گوندل نے قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
DSP Mandi Bahauddin and Phalia Has Been Changed
شہید کی قبر پر آئی جی پنجاب، آر پی او گجرات اور ڈی پی او منڈی بہاؤالدین کی جانب سے پھولوں کی چادر بھی چڑھائی گئی ۔ شہید کو پولیس کے چاک و چوبند دستہ نے سلامی دی، بعدازاں شہید کے نام سے منسوب تنظیم کے بانی سرفراز احمد گوندل کی جانب سے گورنمنٹ ماڈل سکول سندا میں چار کمروں پر مشتمل ماہم النساء بلاک کا سنگ بنیاد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد محمود کھوکھر نے کیا جبکہ تنظیم کی جانب سے مذکورہ سکول کے بوائز کیمپس میں بھی چار کمروں کی تعمیر تکمیل کے مراحل میں ہے۔
ایس ایس پی زاہد محمود گوندل شہید فاؤنڈیشن کے زیرانتظام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں غریب اور مستحق لوگوں کا مفت چیک اپ کیا گیا اور ادویات بھی مہیا کی گئی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈی پی او ساجد حسین کھوکھر کا کہنا تھا کہ شہید پولیس افسروں اور جوانوں کے اہل خانہ سے بھی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی۔
محکمہ پولیس اپنے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہے اور ساتھ رہے گا، شہداء نے امن کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا خون بہایا ہے ۔ ہم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو بھولے نہیں اور نہ ہی کبھی بھولیں گے۔ شہید ایس ایس پی کے بھائی ایڈیشنل کمشنر ایف بی آر شہزاد محمود گوندل کا کہنا تھا کہ ملکی امن و امان میں پولیس کا مثالی کردار ہے، تمام پولیس جوانوں میں اپنے بھائی کو دیکھتا ہوں، شہیدوں کے خون کی بدولت ہی اس چمن میں بہار آئے گی اور ملک امن و امان کا گہوارہ ہو گا.