ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے کہا ہے کہ کسانوں کو سہولتیں فراہم کئے بغیر زرعی شعبے میں ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کیا جا سکتا، اگر کسان خوشحال ہو گا تو ملک بھی خوشحال ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں کسانوں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 10فروری 2023) اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) محمد افضل، کسانوں کے نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔ قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے معیاری کھادوں کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کے حوالے سے بتایا کہ مارکیٹ میں کھادوں کا وافر سٹاک موجود ہے اور کھاد کی کوئی قلت نہیں ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت کسانوںکو معیاری کھادوں کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کے حوالے سے بہترین اقدامات اٹھا رہی ہے،حکومتی پالیسی کے تحت کاشتکاروں کے مفاد کا بھر پور تحفظ کرتے ہوئے کسی کو بھی مہنگی کھاد بیچنے اور ذخیرہ اندوزی کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر کھاد ڈیلروں کے سٹاک اور ریکارڈ کو چیک کریں۔اس موقع پر کسان بورڈ کے نمائندوں نے کسانوں کے مسائل اور ان کے حل کیلئے گزارشات بھی پیش کیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے جائز مطالبات کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔