وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع منڈی بہاوالدین میں بھی ماہ صیام کے دوران غریب اور مستحق عوام کو معاشی ریلیف دلانے کیلئے “نگہبان رمضان پیکج” کے تحت فوڈ ہیمپرز کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے ۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے وئیر ہاﺅس میں فود ہیمپرز کی پیکنگ اور ڈیلوری پراسس کا تفصیلی جائزہ لیا ۔
منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 04مارچ 2024 ) اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے”نگہبان رمضان پیکج” کے تحت ضلع بھر میں 73 ہزار 987سے زائد رجسٹرڈ غریب اور مستحق گھرانوں میں فوڈ ہیمپرز ان کی دہلیز پر مفت تقسیم کئے جائیں گے ۔جس کا آغاز آج سے کر دیا گیا ہے اور آئندہ 15دن کے اندر تمام مستحق گھرانوں میں راشن کی تقسیم مکمل کر لی جائے گی۔
اس حوالے سے ضلع بھر میں 90 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ فوڈ ہیمپرز میں اعلیٰ معیار کے 2 کلو چاول،2 کلو گھی، 2کلو چینی، 2 کلو بیسن اور 10 کلو آٹے کا بیگ شامل ہے۔تینوں تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کی زیرنگرانی راشن کی فراہمی جاری ہے ۔ ضلعی انتظامیہ ،محکمہ مال سمیت دیگر محکمہ جات اہم ذمہ داری کی انجام دہی کیلئے مسلسل متحرک ہیں ۔ نگہبان رمضان پیکج میں مفت راشن کی فراہمی میں میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔