وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیلاروس کے حالیہ دورہ کے بعد پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری سنائی۔ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی) کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ بیلاروس نے 150,000 ہنر مند پاکستانیوں کو نوکریاں دینے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے اس اعلان کو بیلاروس کی طرف سے پاکستانیوں کے لیے ایک تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف بیلاروس کی معیشت کو فائدہ پہنچے گا بلکہ باصلاحیت پاکستانی نوجوانوں کو روزگار کے معقول مواقع بھی فراہم ہوں گے۔
بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی یہ باصلاحیت افرادی قوت جسے بین الاقوامی اور ملکی معیار کے مطابق سرٹیفکیٹ دیا جائے گا بیلاروس کے لیے قیمتی اثاثہ ثابت ہو گا۔
وزیراعظم کے دورہ بیلاروس کے دوران دونوں ممالک کے وفود نے زراعت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون اور تجارت بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
بیلاروس کے صدر لوکاشینکو نے پاکستانی وزیر اعظم کو بیلاروس کے دورے پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ بیلاروس پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیلاروس بزنس فورم کا انعقاد تجارت کے فروغ کے لیے اہم ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ بیلاروس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 5 معاہدوں اور مفاہمت کی 2 یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کی تقریب بیلاروس کے صدارتی محل میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم اور بیلاروس کے صدر نے بھی شرکت کی۔