فیصل آباد: سورج مکھی کی کاشت کا موسم بہار کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ جبکہ محکمہ زراعت کی جانب سے پنجاب میں سورج مکھی کی کاشت کے منصوبے کے تحت صوبے کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
محکمہ زراعت کے ترجمان نظام زرعی اطلاعات نے بتایا کہ ماہرین زراعت، سائنسدانوں، برآمد کنندگان، کسان تنظیموں کی مشاورت سے پنجاب کے اضلاع میں موسم بہار کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔ جس کے پہلے حصے میں بہاولپور، رحیم یار خان، خانیوال، ملتان، وہاڑی اور بہاولنگر شامل ہیں۔ جس میں سورج مکھی کی کاشت کا وقت یکم جنوری سے 31 جنوری تک مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دوسرے حصے میں مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، لیہ، لودھراں، راجن پور اور بھکر شامل ہیں جہاں سورج مکھی کی کاشت کا وقت 10 جنوری سے 10 فروری تک مقرر کیا گیا ہے۔ میانوالی، سرگودھا، خوشاب، جھنگ، ساہیوال، اورکاڑہ، فیصل آباد، سیالکوٹ،گوجرانوالہ، لاہور، منڈی بہاؤالدین،قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، اٹک، نارووال، راولپنڈی، گجرات، چکوال میں سورج مکھی کی کاشت کا وقت 25 جنوری سے فروری کے آخر تک مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سورج مکھی کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لیے مناسب وقت پر کاشت کرنا بہت ضروری ہے۔ کیونکہ دیر سے لگائے گئے سورج مکھی سے پیداوار کم ہو جاتی ہے۔