mandi bahauddin rescue 1122

ریسکیو 1122 منڈی بہاوالدین نے سال 2021 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی

ریسکیو 1122 منڈی بہاﺅالدین کی سالانہ کارکردگی 2021 کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں کنٹرول روم انچارج امتیازعلی نے اجلاس میں سالانہ کارکردگی کے حوالے سے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 01جنوری 2022 ) اجلاس کو بتایا گیا کہ سال 2021 میں 3لاکھ 93 ہزار708 کالز موصول ہوئیں، جن میں 16 ہزار 948 ایمرجنسی کالز، 3لاکھ 47 ہزار 246 ڈسٹربنگ اور بوگس کالز ، 29ہزار 335 معلوماتی کالز، 170 رانگ کالز اور9 فیک کالز شامل ہیں۔ ایمرجنسی کالز کا تناسب7.01رہا۔

گزشتہ سال 16 ہزار 948 ایمرجنسیز پر بر وقت مدد فراہم کی گئی۔جن میں سے4 ہزار 356 روڈ ٹریفک حادثات،38 ڈوبنے کے، 270 آگ لگنے ،563 کرائم، 8 عمارت منہدم ہونے اور11 ہزار 713 میڈیکل و دیگر واقعات شامل ہیں۔ روڈ ٹریفک حادثات کا تناسب 46.43 رہا، جس میں 5 ہزار 673 افراد کو موقع پر طبی امداد دے کر فارغ کر دیا گیا اور13 ہزار 671 زخمیوں کو فرسٹ ایڈ دیتے ہوئے ہسپتال پہنچایا گیا جبکہ 484 افراد موقع پر جاں بحق ہوئے۔

ریسکیو 1122 منڈی بہاﺅالدین کا ایمرجنسیز میں بر وقت ریسپانس کم سے کم ٹائم 7.01 منٹ رہا۔ پیشنٹ ریفرل سسٹم کے تحت مختلف حادثات سے متاثرہ ایک ہزار 806 افراد ضلع منڈی بہاﺅالدین کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کئے گئے۔ جن میں ضلع منڈی بہاﺅالدین کے771 جبکہ آﺅٹ ڈسٹرکٹ کے ایک ہزار35 افراد شامل ہیں۔ ان متاثرہ افراد کو بہتر طبی امدادکی فراہمی کیلئے ریسکیو 1122کے تربیت یافتہ عملے کی زیر نگرانی بغیر کسی چارجز کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

ریسکیو 1122 نے کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے تحت شجر کاری میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ جس پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان نے رپورٹ پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بھی مذید جانفشانی اور پیشہ وارانہ انداز میں فرائض کی ادائیگی کو ممکن بنایا جائے گا۔ اس موقع پر سٹیشن کوآرڈینیٹر سہیل خان، ایڈمن آفیسر ذیشان اللہ، ٹرانسپورٹ مینٹینینس انسپکٹر شوکت رانجھا، میڈیا کوآرڈینیٹر عاطف رفیق کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں