منڈی بہاءالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز ) فوڈ سیفٹی ٹیم کی ضلع منڈی بہاءالدین کے مختلف علاقوں شہیدانوالی، پھالیہ، بھیرووال، منڈی بہاءالدین شہراور فتو گائوں میں کاروائیاں۔ اشیائے خوردونوش کے سیمپل فیل ہونے، صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، ملاوٹ، ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس نہ ہونے پر 50,50 ہزار روپے جرمانہ عائد ، 4 فوڈ پوائنٹس مالکان کے خلاف مقدمات درج، گاڑی متعلقہ تھانہ میں ضبط کرا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی منڈی بہاءالدین عدیل احمد کی زیرنگرانی فوڈ سیفٹی ٹیم نے شہیدانوالی میں چربی سے بنایا گیا تقریبا 400 لٹر ناقص تیل تلف کر دیا جبکہ ڈرم، چمچ اور سرخ مرچ سمیت دیگر سامان ضبط کر لیا جبکہ ایف آئی آر کا اندراج بھی کرا دیا گیا۔
اسی طرح پھالیہ میں غیر قانونی فیٹ رینڈرنگ یونٹ پکڑ لیا گیا۔ متو گائوں میں ناقص مصالحہ بنانے والا یونٹ سے ملاوٹی سپائسز برآمد ہونے پر مقدمہ درج کروا دیا گیا جبکہ مصالحہ جات پر موجود لیبل بھی قوانین کے مطابق نہ پائے گئے۔
منڈی بہاءالدین اور بھیرووال اڈا پر ملک کولیکشن سنٹر پر ملاوٹی دودھ برآمد ہوا، جہاں پروسیسنگ ایریا میں گندگی اور مکھیاں بھی پائی گئیں۔ یونٹس میں کام کرنیوالے ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہ تھے۔ سیمپلز فیل ہونے پر 50,50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے مالکان کے خلاف متعلقہ تھانہ جات میں مقدمات درج کروا دئیے گئے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی منڈی بہاءالدین عدیل احمد کا کہنا تھا کہ عوام الناس کو معیاری خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے ۔انسانی جانوںسے کھیلنے والوں کے ساتھ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مضر صحت اشیاءبنانے والوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کو 1223 پراطلاع دیں۔ جس پر فوری طور پر کاروائی کی جائے گی۔
