ملکوال جماعت اسلامی یوتھ لیگ کے زیر اہتمام ملکوال میں مہنگائی اور حکومت کی ناقص پالیسیوں کیخلاف احتجاجی ریلی، مقررین نے پریس کلب کے سامنے اپنے خطابات میں حکومتی اقدامات اور موجودہ ملکی صورت حال پر کڑی تنقید کی، ریلی سیم نالہ چونگی سے شروع ہوئی اور شہر بھر کا چکر لگا کر پریس کلب ملکوال کے سامنے اختتام پذیر ہوئی.
ریلی میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 80 صالح رانجھا نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت امریکی غلامی میں عوام پر ہر ظلم زیادتی کررہی ہے، مہنگائی کا سمندر عوام کیلئے درد سر بنا ہوا ہے، جماعت اسلامی عوام کی آواز بنے گی اور ان نااہل حکمرانوں کیخلاف آخری دم تک احتجاج جاری رکھیں گے.
امیدوار ایم پی اے حلقہ پی پی 68 زاہد عمران علووانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت سفید پوش طبقہ بمشکل گزارہ کررہا ہے مگر موجودہ حکومت ہر روز اپنی ناقص پالیسیوں سے عوام کو نئے امتحان میں ڈالے چلی جارہی ہے، مہنگائی کا اژدھا عوام کو نگلنے جارہا ہے مگر حکمران اپنی عیاشیوں میں مگن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکوال انتظامیہ شہریوں کے حقوق ادا کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے، شہر میں چونگیوں کا نظام خودساختہ ہے اسکے علاؤہ گلیوں میں لگائی جانے والی ٹف ٹائل کے بارے خبر ہے کہ وہ ناقص ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکوال کے عوام کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے اور مسائل کو حل کریں گے۔۔
