پنجاب پولیس میں بھرتی کا نیا عمل، منڈی بہاءالدین سمیت 26 اضلاع میں تحریری امتحان کا انعقاد. کانسٹیبل، لیڈی کانسٹیبل، ڈرائیور کانسٹیبل، ٹریفک اسسٹنٹ کی 7909 آسامیوں کے لیے 47023 امیدواروں نے تحریری امتحان میں شرکت کی۔
لاہور: انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ محکمہ پولیس میں نفری کی کمی کو پورا کرنے کے لیے محنتی، قابل اور باصلاحیت نوجوانوں کو بھرتی کر کے فورس کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں لاہور سمیت صوبے کے 26 اضلاع میں کانسٹیبلز کی بھرتی کے لیے تحریری امتحان کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں امیدواروں نے شرکت کی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ کانسٹیبل، لیڈی کانسٹیبل، ڈرائیور کانسٹیبل اور ٹریفک اسسٹنٹ کی 7،909 آسامیوں کے لیے کل 47،023 امیدواروں نے تحریری امتحان دیا۔
صوبے کے 26 اضلاع میں کانسٹیبل/لیڈی کانسٹیبل کی 6،089 آسامیوں کے لیے 36،570 امیدوار، ڈرائیور کانسٹیبل کی 190 آسامیوں کے لیے 1،163 امیدوار اور ٹریفک اسسٹنٹ کی 1،630 آسامیوں کے لیے 9،290 امیدواروں نے شرکت کی۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں کل 2،951 نشستوں کے لیے 5،574 امیدواروں نے امتحان دیا۔ لاہور میں کانسٹیبل کی 2،586 آسامیوں کے لیے 4،075، ڈرائیور کانسٹیبل کی 50 آسامیوں کے لیے 109 اور ٹریفک اسسٹنٹ کی 315 آسامیوں کے لیے 1،390 امیدواروں نے شرکت کی۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گوجرانوالہ میں 491، گجرات میں 460، فیصل آباد میں 441، راولپنڈی میں367 سیٹوں، سرگودھا میں 337، ڈی جی خان میں231، بہاولپور میں 255، منڈی بہاؤالدین میں 240، مظفر گڑھ میں 224 آسامیوں پر نئی بھرتی کی جا رہی ہے۔
باقی اضلاع میں بھی سینکڑوں آسامیوں پر ہزاروں امیدوار امتحانات دے رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر سپروائزری افسران نے تمام اضلاع میں تحریری امتحان کے انتظامات کی خود نگرانی کی اور ہر ضلع میں امتحان کے انعقاد کیلئے پولیس ٹیموں نے مکمل شفاف اور فول پروف انتظامات یقینی بنائے ۔
